ایل پی جی کی قیمت میں ایک بارپھر5 روپے فی کلواضافہ

ملک بھرمیںنرخ85 تا110روپے کلوہوگئے،8روزکے اندرچوتھی بارگیس مہنگی کی گئی

حکومت نوٹس لے،طلب ورسدمیںفرق کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں،ڈسٹری بیوٹرز فوٹو: فائل

ایل پی جی چند روز میں چوتھی مرتبہ مہنگی کردی گئی، جمعہ کو ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو، 50 روپے فی گھریلو سلنڈر اور200 روپے فی کمرشل سلنڈر اضافہ کیاگیا، صرف 8 دنوں میں کلو پر 25 روپے، گھریلو سلنڈر 250 اور کمرشل سلنڈر پر 1000 روپے بڑھا گئے جس سے قیمت سال 2016 کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی طلب و رسد میں بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے، طلب پوری کرنے کیلیے ماہانہ 50 سے 60 ہزار اور 6 ماہ میں 3لاکھ میٹرک ٹن گیس کی ضرورت ہو گی، اگر درآمد نہ کی گئی تو قیمت 250 روپے کلو سے بھی تجاوز کر جائے گی، حکومت طلب و رسد کا فرق ختم کرنے کیلیے فوری پالیسی مرتب کرے۔


ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی مافیا نے درآمد پر ٹیکس لگوا کر گیس کی درآمد کم کرا دی جس سے مقامی اور درآمدی گیس کی قیمت میں 20 ہزار روپے فی کلو کا فرق ہے، ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر 8 روز میں چوتھی بار ایل پی جی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کر کے اوگرا قانون کی دھجیاں بکھیر دیں، اگر وزیر اعظم نے گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لے کر ذمے داروں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا تو سردیوں میں ایل پی جی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گی ۔

حالیہ اضافے کے بعد ایل پی جی کی کراچی میں قیمت 85 روپے کلو اور 970 روپے گھریلو سلنڈر، لاہوجہلم سیالکوٹ اور پشاور 90 اور 1030، حیدر آباد اٹک 95اور 1090، راولپنڈی اسلام آباد ایبٹ آبادفاٹا عمر کوٹ نوابشاہ دادو جامشورو شکارپور میں 100 اور 1150 جبکہ گلگت بلتستان مری اوربالاکوٹ میں 110روپے کلو اور 1270 روپے فی گھریلو سلنڈر ہوگئی۔
Load Next Story