بنگلا دیش میں فیکٹری میں آتشزدگی سے 22 افراد ہلاک70 زخمی

فیکٹری میں آگ بوائلر پھٹنے کے باعث لگی جب کہ اب بھی کئی افراد فیکٹری میں پھنسے ہوئے ہیں

بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، حکام۔ فوٹو : فائل

بنگلا دیش میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے کے باعث آتشزدگی کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جب کہ 70 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کے صنعتی علاقے ٹونگی میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے کے باعث آتشزدگی کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق فیکٹری کی 4 منزلہ عمارت میں بوائلر پھٹنے کے باعث آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ حادثے کے وقت تقریباً 100 کے قریب افراد فیکٹری میں موجود تھے۔


حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جب کہ عمارت کے اندر اب بھی بہت سے افراد کے پھنسے ہونے کے اطلاعت ہیں تاہم حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش میں فیکٹریوں میں آتشزدگی کے واقعات عام ہیں جب کہ 2012 میں بھی ڈھاکا کی ایک 9 منزلہ عمارت میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 111 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
Load Next Story