والد کے انتقال پر ان کی تدفین کے لیے بھی پیسے نہیں تھے فرح خان

شراب نوشی کے باعث والد کی موت ہوئی اور ان کی تدفین کے لیے رشتہ داروں سے پیسے لیے، بالی ووڈ ہدایتکارہ

شراب نوشی کے باعث والد کی موت ہوئی اور ان کی تدفین کے لیے رشتہ داروں سے پیسے لیے، بالی ووڈ ہدایتکارہ، فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ کی معروف کوریو گرافر اور ہدایتکارہ فرح خان نے انکشاف کیا ہےکہ ماضی میں ان کے مالی حالات اس قدر خراب تھے کہ والد کی تدفین کے لیے بھی پیسے نہیں تھے جس پر انہوں نے تدفین کے لیے رشتے داروں سے پیسے جمع کیے تھے۔

بالی ووڈ کی کوریو گرافر فرح خان کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں انہوں نے اپنی انتھک محنت اور منفرد کام کی وجہ سے فلم نگری میں مقام بنایا ہے جب کہ مشہور گانوں کو کوریوگراف کرنے کے بعد انہوں نے ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھا اور خوب کامیابیاں سمیٹی ہیں لیکن اب انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے اہم واقعے سے پردہ اٹھایا ہے جس نے سب کو حیران کردیا ہے۔


ہدایتکارہ فرح خان نے گزشتہ روز ایک تقریب میں شرکت کی جہاں ماضی کی تلخ یادوں کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور بتایا کہ والد شراب نوشی کی لت میں مبتلا تھے جن کے علاج کے لیے ہمارے پاس پیسے نہیں تھے جس کے باعث ان کا انتقال ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے حالات اس قدر خراب تھے کہ والد کی تدفین کے لیے بھی پیسے نہیں تھے جس پر میں نے رکشہ میں گھوم گھوم کر رشتے داروں سے پیسے جمع کیے جن سے تدفین عمل میں آئی تھی۔

فرح خان نے کہا کہ بعض اخبارات اور صحافی میرا تعلق امیر خاندان سے جوڑتے ہیں جو کہ سراسر غلط ہے کیوں کہ میں نے زندگی میں سب کچھ جدوجہد کرکے حاصل کیا ہے اسی لیے زندگی کی مشکلات کا ٹھیک سے اندازہ ہے۔

واضح رہے کہ فرح خان نے کئی بلاک بسٹر فلموں کی ہدایتکاری کے فرائض سرانجام دیئے ہیں جس میں ''کل ہو نا ہو''،'' میں ہوں نا'' اور ''ہیپی نیوایئر''شامل ہیں۔
Load Next Story