جنوبی کوریا کی شمالی کوریا کو دنیا کے نقشے سے مٹانے کی دھمکی

ایٹمی دھماکےکےخطرے کی صورت میں پیانگ یانگ کوبلیسٹک میزائلوں اوردھماکہ خیز بموں سےتباہ کر دیں گے، جنوبی کوریا

ایٹمی حملے کے خطرے کی صورت میں شمالی کوریا کی مرکزی قیادت کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا، جنوبی کورین حکام۔ فوٹو: گیٹی امیجز

لاہور:
جنوبی کوریا نے خبردار کیا ہے کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی حملے کا ذرا سا بھی خطرہ محسوس ہوا تو پیانگ یانگ کو دنیا کے نقشے سے مٹا دیں گے۔

جنوبی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے نے عسکری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی حملے کا ذرا سا بھی شائبہ محسوس ہوا تو پڑوسی ملک کے دارالحکومت پیانگ یانگ کو بلیسٹک میزائلوں اور دھماکا خیز بارودی مواد سے تہس نہس کر دیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا کامیاب جوہری تجربے کا دعویٰ


عسکری ذرائع نے مزید کہا کہ ایٹمی حملے کے خطرے کی صورت میں شمالی کوریا کی مرکزی قیادت کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا، پورے پیانگ یانگ کو راکھ میں بدل کر رکھ دیں گے اور دنیا کے نقشے سے ہی مٹا دیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل شمالی کوریا نے پانچویں کامیاب ایٹمی تجربے کا دعویٰ کیا تھا جس کے نتیجے میں ملک میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔ امریکا، جاپان، جنوبی کوریا، پاکستان اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایٹمی تجربے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ دوسری جانب شمالی کوریا نے ایٹمی تجربے کے بعد امریکا، جاپان اور سلامتی کونسل کی جانب سے مزید پابندیوں کی دھمکیوں کو بے معنی قرار دیا ہے۔

 
Load Next Story