اداکارہ ممتا کلکرنی نے منشیات اسمگلنگ کے الزامات مسترد کردیئے

منشیات کیس میں زبردستی گھسیٹنے پر مہاراشٹرا پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے، اداکارہ کا مطالبہ

منشیات کیس میں زبردستی گھسیٹنے پر مہاراشٹرا پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے، اداکارہ کا مطالبہ ۔ فوٹو:فائل

ماضی کی مشہور اداکارہ ممتا کلکرنی نے بھارتی پولیس کی جانب سے 2 ہزار کروڑ کی منشیات اسمگلنگ کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

گزشتہ دنوں ممبئی پولیس کی جانب سے بالی ووڈ کی نامی گرامی اداکارہ ممتا کلکرنی پرشوہر کے ساتھ مل کر انڈر ورلڈ کے لیے کام کرنے اور 2 ہزار کروڑ سے زائد کی منشیات اسمگلنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کے بعد اداکارہ کی گرفتاری کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اب بالی ووڈ اداکارہ نے ویڈیو بیان میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ ممتاکلکرنی نے بھارتی میڈیا کے لیے ویڈیوبیان جاری کیا ہے جس میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں معصوم اور بے گناہ ہوں اور میں 20 سال سے روحانیت کی دنیا سے جڑی ہوئی ہوں لہذا اپنے اوپر لگائے گئے جھوٹے الزامات پر دلبرداشتہ ہوں جب کہ مجھے پھنسانے کے لیے امریکی ڈرگز انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن اور ممبئی پولیس نے مل کرسازش تیار کی ہے جس کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔


اس خبر کو بھی پڑھیں:ممتا کلکرنی کیخلاف ایفیڈرین کی اسمگلنگ کا مقدمہ درج

بالی ووڈ اداکارہ نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور ریاستی وزیرداخلہ سے مطالبہ کیا کہ منشیات کیس میں زبردستی گھسیٹنے پر مہاراشٹرا پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی پولیس نے سولہ پور کی فیکٹری سے 2 ٹن سے زائد 2200 کروڑ روپے (22 ارب) مالیت کی منشیات برآمد کی تھی جس کے تانے بانے اداکارہ ممتا کلکرنی اور ان کے شوہر اور بین الاقوامی اسمگلر وکی گوسوامی سے جوڑے جارہے تھے۔
Load Next Story