نیا ٹیلنٹ فلم انڈسٹری کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو رہا ہے میگھا

ایک کہانی اور کرداروں کو مختلف ناموں کے ساتھ سالہا سال دکھانے کی پالیسی اب نہیں چلے گی، میگھا

پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کی بے حسی نے بہت سے فنکاروں کا کیریئر تباہ کیا، معیاری ٹی وی ڈرامہ اور فلم کی آفر ہوئی تو ضرور کام کرونگی ۔ فوٹو : فائل

پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کی روایتی بے حسی نے بہت سے فنکاروں کا کیرئیر تباہ کیا، کامیڈی اور سوشل موضوع پر فلمیں بننا چاہیئں۔ایک کہانی اور کرداروں کو مختلف ناموں کے ساتھ سالہا سال دکھانے کی پالیسی اب نہیں چلے گی ۔ ان خیالات کا اظہار اداکارہ میگھا نے نمائندہ ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

میگھا کا کہنا ہے کہ فلم بنانا بچوں کا کھیل نہیں، فلم انڈسٹری کے بحران کے ذمے دار اس سے وابستہ سبھی لوگ ہیں،جنہوں نے غیر معیاری فلمیں بنا کر اس کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ۔ اگرکوئی اداکار کسی کردار میں ہٹ ہوا تو سبھی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ایسے ہی کرداروں میں کاسٹ کرکے اس کا کیرئیر تباہ کردیا۔ان کو چاہیے کہ ان کے ساتھ نئے چہروں کو بھی متعارف کرانے کا سلسلہ جاری رکھتے تاکہ مستقبل کے لیے فلم انڈسٹری کو نیا ٹیلنٹ مل جاتا۔ نئی فلمیں اس لگے لپٹے اسکرپٹ اور کرداروں سے ہٹ کر بنائی جارہی ہیں، ہر کسی کو ورسٹائل پرفارمنس دینے کا موقع دیا جارہا ہے۔ اسی لیے فلم بین بھی اپنی فلموں کو پسند کرنے لگے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کا کام دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، نئے چہرے فلم انڈسٹری کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کے سفر پر گامزن کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں ۔ایک سوال کے بعد شوبزمیں ڈیڑھ سال بعد واپسی کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ فلم ہو ، ٹی وی ہو یا تھیٹر پر تعداد سے زیادہ کوالٹی کو اہمیت دیتی ہوں۔ اداکارہ نے کہا کہ تھیٹر کے ساتھ اگر کوئی اچھا ٹی وی ڈرامہ اور فلم کی بھی آفر ہوئی تو ضرور کام کروں گی ۔ عیدالضحی پر شروع ہونے والے ڈرامہ '' چھمک چھلو'' میں پرستار مجھے ایک نئے روپ میں دیکھیں گے ۔

 
Load Next Story