اصغر خان کیس نے جعلی ووٹوں سے جیتنے والوں کو بے نقاب کیاوزیراعظم
وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ صدرآصف زرداری کی فہم وفراست سے پرویزمشرف جیسا آمراقتدارچھوڑنے پرمجبورہوا۔
فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت کے حق میں بڑی بڑی باتیں کرنے والوں کو چیلنج ہے کہ وہ کسی کارکن کو وزیر اعظم بنا کر دکھائیں۔ آج جس بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں لوگ موجود ہیں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ پیپلزپارٹی سے کتنا پیارکرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور اپنے کارکنوں کو حقیقی عزت اور احترام دیتی ہے۔ انہیں اس بات پرفخر ہے کہ ان کا تعلق مڈل کلاس سے ہے اور پیپلز پارٹی کے ادنیٰ کارکن ہیں لیکن پیپلز پارٹی نے انہیں اس قابل سمجھا کہ اتنے بڑے عہدے تک پہنچایا۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ بے نظیربھٹوکی شہادت کے بعد جمہوریت خطرے میں تھی ملک میں افراتفری تھی، جنرل(ر)پرویزمشرف بہت بڑاآمرتھا،آج جمہوریت کے بارے میں بڑی بڑی باتیں کرنے والے اس وقت پریشان تھے کہ پرویز مشرف سے کیسے چھٹکارا حاصل کیا جائے،آصف زرداری نے اپنی فہم وفراست سے مشرف جیسے آمرکو اقتدارچھوڑنے پرمجبورکیا.
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدرآصف زرداری نے جمہوریت کے پرچم کو تھام کر مزید نقصان سے بچایا۔ صدر آٓصف علی زرداری جیسا بڑا دل کسی اور کا نہیں۔ صدر زرداری نے بے نظیر بھٹو کے خون کی لاج رکھی اور جمہوریت کا پرچم بلند کیا ۔ اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت اپنی آئینی مدت پوری کررہی ہے۔ جمہوری حکومت کے 5 سال مکمل ہونے پر جمہوریت مضبوط ہوئی۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ وزارت عظمیٰ مزدوروں اور کسانوں کی کرسی ہے ، اگر پیپلز پارٹی دوبارہ حکومت میں آئی تو بے نظیر انکم سپورٹ کو چار گنا زیادہ بڑھادیں گے۔