پنجاب میں اقتدار کے کیلئے ملک داؤ پر لگانے کی تیاری کی جارہی ہےفاروق ستار

سندھ حکومت میں شامل جماعتوں کے عسکری ونگز ہونے کی باتیں کرنے والوں کے پنجاب میں عسکری ونگز ہیں.

پنجاب میں ہر حال میں اقتدار کے حصول کے لئے ملک کو داؤ پر لگانے کی تیاری کی جارہی ہے،ڈاکٹر فاروق ستار . فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہر حال میں اقتدار کے حصول کے لئے ملک کو داؤ پر لگانے کی تیاری کی جارہی ہے۔



کراچی میں یوم شہدا کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کراچی اور کراچی والوں سے ازلی تعصب رکھنے والے سیاسی اور مذہبی رہنما شہر میں فوجی آپریشن اور ناجائز اسلحے کے لئے گھر گھر تلاشی کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن پنجاب میں ضمنی انتخابات کے دوران اسلحے کی نمائش پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں بدامنی کی طرح سپریم کورٹ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں اسلحے کے بے دریغ استعمال اور انتخابی بے ضابطگیوں کا بھی نوٹس لے۔


ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ضمنی انتخابات کے دوران جو کچھ پنجاب میں ہوا ہے اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ پنجاب میں ہر حال میں اقتدار کے حصول کے لئے ملک کو داؤ پر لگانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ پنجاب کو میدان جنگ بنانے کی تیاری کی جارہی ہے جس کا حکمرانوں کو نوٹس لینا ہوگا۔


ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جس طرح اسلحے کی نمائش ہوئی، انتخابات کو ہائی جیک کیا گیا،صوبائی حکومت کی مشینری کو استعمال کیا گیا۔ ووٹرز کو ہراساں کرکے ووٹ کاسٹ کرائے گئے۔ اس سارے عمل پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں پیپلزپارٹی،مسلم لیگ(ق) اور تحریک انصاف نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ضمنی انتخابات کے ذریعے ثابت ہوگیا کہ سندھ حکومت میں شامل جماعتوں کے عسکری ونگز ہونے کی باتیں کرنے والوں کے پنجاب میں عسکری ونگز ہیں جنہوں نے اپنی دہشت کے ذریعے وہاں پر اپنی من مانی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story