وزیراعظم دورہ امریکا میں عالمی رہنماؤں کو کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کریں گے

وزیراعظم نواز شریف چینی ہم منصب سے ملاقات میں اقتصادی راہداری منصوبوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم ترک صدر اور چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف کل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ عالمی رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سمیت بدنام زمانہ ایجنسی ''را'' کی پاکستان میں مداخلت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم نوازشریف کل انتہائی اہم دورے پر امریکا جا رہے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کی دورہ امریکا میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جس کے دوران وہ جنت نظیر وادی میں جاری بھارتی مظالم، بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان کا مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں بھرپورانداز میں اٹھانے کا فیصلہ


نیویارک پہنچتے ہی وزیراعظم امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کریں گے جس میں مقبوضہ کشمیر سمیت افغانستان کی صورتحال پر بات کی جائے گی، جان کیری سے ملاقات کے بعد وزیراعظم ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں رہنما نہ صرف ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے بلکہ فتح اللہ گولن کی ترکی کو حوالگی اور پاکستان میں گولن تحریک کے تحت چلنے والے اسکولوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کشمیریوں پربھارتی بربریت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جا رہا ہے

اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف دورہ امریکا میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف سے بھی ملاقات کریں گے جس میں خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کی چینی ہم منصب سے بھی ملاقات ہوگی جس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Load Next Story