بھارت کے بے بنیاد اورغیر ذمہ دارانہ الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں سرتاج عزیز

بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، مشیر خارجہ

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی ضمیر کو اب جاگ جانا چاہیے، سرتاج عزیز۔ فوٹو : رائٹرز

KARACHI:
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے لہذا پاکستان اس طرح کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتاہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی سول و ملٹری قیادت کے الزامات کا سنجیدگی سےنوٹس لیا ہے اور اس طرح کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے جب کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کا الزام لگانا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزراء کی تحقیقات سے قبل پاکستان پر الزام تراشی قابل مذمت ہے جب کہ بھارتی بیانات عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور ریاستی دہشت گردی چھپانے کی کوشش ہے۔


سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پاکستان کی پیدا کردہ نہیں، مقبوضہ کشمیر کے حالات بھارت کے ناجائز قبضے اور طویل مظالم کا نتیجہ ہیں جب کہ مقبوضہ وادی میں ایک لاکھ سے زائد شہری شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 73 دن میں احتجاج کے دوران 100سے زائد شہری شہید اور 1000زخمی ہو چکے جب کہ پیلٹ گنز کے بیہمانہ استعمال سے بڑی تعداد میں نوجوان بینائی سے محروم ہوگئے،مقبوضہ کشمیر میں ریاستی طاقت کے بہیمانہ استعمال سے کوئی شہری بھی محفوظ نہیں لہذا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی ضمیر کو اب جاگ جانا چاہیے۔



 
Load Next Story