گیس پائپ لائن منصوبہاپناکام مارچ تک مکمل کرلینگے ایران

صدر زرداری کا دورہ ایران دیگر وجوہ کی بنا پرملتوی کیاگیا، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

پاکستانی اورایرانی میڈیا ہائوسز کے درمیان براہ راست تعاون چاہتے ہیں، پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اورنائب وزیررامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ صدرآصف علی زراداری کا دورہ ایران دیگر وجوہات کی بنا پر ملتوی کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کیلیے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، پاکستانی اور ایرانی میڈیا ہائوسز کے درمیان براہ راست تعاون چاہتے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام کومغربی میڈیا کے پروپیگنڈے سے پاک درست اور بروقت معلومات فراہم کی جاسکیں، گیس پائپ لائن منصوبے پرایران اپناکام مارچ 2013 تک مکمل کرلے گا جبکہ منصوبے میں حائل دیگررکاوٹوں کوبھی جلد دورکرلیا جائے گا، سیکیورٹی سمیت خطے کے تمام مسائل کی بنیادی وجہ امریکا اور مغربی ممالک کی موجودگی ہے، علاقائی تعاون کے ذریعے خطے میں امن قائم کرسکتے ہیں۔




وہ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی میں ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی بھی موجود تھے، رامین مہمان پرست نے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے میں ایران اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے، پاکستانی چاول، گندم اور دیگر اجناس کی ایران میں بہت زیادہ طلب ہے، پاکستانی میڈیا کے نمائندوں کو ایران میں ہرقسم کا تعاون فراہم کرنے کیلیے تیار ہیں۔

ایرانی اور پاکستانی نیوزایجنسیز کے درمیان براہ راست تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے، ایران پر پابندیوں کے باوجود چین اور ایران کی باہمی تجارت کا حجم 40 ارب امریکی ڈالر ہے جبکہ ترکی کے ساتھ 20 سے 30 ارب امریکی ڈالر اور بھارت کے ساتھ 20 ارب امریکی ڈالر کی تجارت ہوتی ہے، پابندیاں ہمیں اپنے خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت سے نہیں روک سکتیں، انھوں نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کا بہترین حل علاقائی تعاون ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story