کرینہ کپورنے بھی خاندان کی خاطر 6کروڑ روپے ٹھکرادیے

میں کوئی بھی ایسا کام نہیں کروں گی جس سے ان کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے, کرینہ کپور

میں کوئی بھی ایسا کام نہیں کروں گی جس سے ان کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے, کرینہ کپور. فوٹو: اے ایف پی/فائل

اگرچہ کرینہ کپور نے ماضی میں شادی کی کئی تقریبات میں رقص کیا ہے لیکن اب وہ اس قسم کی کسی بھی تقریب میںرقص کرتی نظر نہیں آئیں گی۔

حال ہی میں شادی کرنیوالی اداکارہ کے دبنگ 2میں آئٹم کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ نتیجتاً انہیں پورے بھارت سے شادی کی تقریبات میں اس آئٹم پر پرفارم کرنے کی پیش کشی ہوئی ہے۔ لیکن کرینہ ان تمام پیش کشوں کو ٹھکرارہی ہیں۔


ذرائع کے مطابق آرگنائزرز اس آئٹم پر 6کروڑ سے 8کروڑ تک کمانا چاہتے ہیں لیکن کرینہ اس قسم کا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہتی ہیں جس سے ان کے خاندان پر کسی قسم کی آنچ آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرینہ کے اس فیصلے میں ان کے شوہر اور اداکار سیف علی خان برابر کے شریک ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیف علی خان کا تعلق پٹودی کے شاہی خاندان سے ہے اور کرینہ نے اس خاندان کے وقار کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ جب کرینہ سے اس کے بارے میں پوچھاگیا تو انھوں نے کہا ، ''میرے خاندان کو عزت ووقار سے دیکھا جاتا ہے اور میں کوئی بھی ایسا کام نہیں کروں گی جس سے ان کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے۔

میں شادی کی تقریبوں میں رقص کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی، خصوصاًآج کے بعد۔ ایک مثالی کردار ہونے کے ناطے میں کوئی غلط مثال قائم نہیں کرنا چاہتی ہوں۔ یہ میرا فیصلہ ہے اور میں اس پر سختی سے عمل کروں گی۔'' اس قسم کے پروگراموں میں پرفارم کرنا فنکاروں کے لیے آمدنی کا بہت بڑا ذریعہ ہے ۔ کروڑوں روپے کی آمدنی کے لیے شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا سے لے کر ملائیکہ اروڑا خان اور کترینہ کیف تک ان تقریبات میں حصہ لیتے ہیں۔اس سے قبل کترینہ کیف نے بھی کرسمس اور نئے سال کی خوشیاں خاندان کے ساتھ منانے کی خاطر 5کروڑ روپے کی پیشکش ٹھکرادی تھی۔

Recommended Stories

Load Next Story