نیو کراچی صنعتی ایریا اور سی آئی ڈی پولیس کی کارروائی 4 ملزمان گرفتار

ملزمان کا گروہ صنعتی ایریا میں قائم گارمنٹ فیکٹریوں کا کپڑا اور دھاگہ لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہے

ملزمان کا گروہ صنعتی ایریا میں قائم گارمنٹ فیکٹریوں کا کپڑا اور دھاگہ لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہے۔ فوٹو: فائل

نیو کراچی صنعتی ایریا اور سی آئی ڈی پولیس نے لوٹ مار کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، ٹرک اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد کرلیا۔


نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر اشتیاق غوری کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ گبول ٹائون کے علاقے میں مال بردار ٹرک چھیننے والے 2 ملزمان موجود ہیں، انھوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کامیاب چھاپہ مار کر 2 ملزمان محمد جبران اور عبدالوقاص قریشی کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر سائٹ بی تھانے کی حدود سے چھینا گیا ٹرالر نمبر TLE -916 برآمد کرلیا جس پر لاکھوں روپے مالیت کپڑا لدا ہوا تھا۔

اشتیاق غوری نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر 2 ساتھی نواز ملک اور شعیب قادری موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ ملزمان کا گروہ صنعتی ایریا میں قائم گارمنٹ فیکٹریوں کا کپڑا اور دھاگہ لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہے ۔ سی آئی ڈی پولیس نے سہراب گوٹھ کے علاقے احسن آباد اور گلبرگ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان یعقوب عرف بنگالی اور لیاقت عرف استاد کو گرفتار کر کے شہزور ٹرک، کلاشنکوف اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان گھروں میں ڈکیتی، جیولرز کی دکانوں اور صنعتی ایریا میں لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے ۔

Recommended Stories

Load Next Story