شیشہ پر پابندی سپریم کورٹ نے وفاقی سیکرٹری صحت اور کامرس کو طلب کرلیا

حكومت خود نہيں چاہتی كہ شيشہ نوشی پر پابندی عائد کی جائے، چیف جسٹس آف پاکستان

حكومت خود نہيں چاہتی كہ شيشہ نوشی پر پابندی عائد کی جائے، چیف جسٹس آف پاکستان. فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے شيشہ پر پابندی عائد كرنے كے لئے اقدامات نہ اٹھانے پر وفاقی سيكرٹری صحت اور كامر س كو ذاتی حیثیت ميں طلب كرليا۔

شيشہ نوشی اور تمباكو نوشی سے متعلق ازخود نوٹس كيس كی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ريماركس دیئے كہ ہمارے فيصلوں كا يہ حال ہے كہ شيشہ نوشی پر پابندی عائد كرنے كے سپريم كورٹ كے فيصلے سے ہر علاقے كے كرتا دھرتاؤں كے ريٹس بڑھ گئے جب کہ حكومت خود نہيں چاہتی كہ شيشہ نوشی پر پابندی عائد کی جائے، جب تک حكومت کی خود كچھ كرنے كی خواہش نہيں ہوگی تو مسائل ختم نہيں ہوسكتے۔


پنجاب حكومت نے منشیات کی روک تھام سے متعلق عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ 80 فيصد شيشہ سنٹر بند كئے جاچكے ہيں جبكہ بلوچستان حكومت كی طرف سے بتايا گيا كہ پابندی عائد كرنے كے لئے بل كی منظوری اسمبلی میں دی جاچکی ہے۔ سندھ اور خيبر پختون خواہ حكومت كی طرف سے عدالت کو بتايا گيا كہ شیشہ پر پابندی سے متعلق قانون سازی حتمی مرحلے ميں ہے۔

سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت كو بتايا كہ شيشہ نوشی پر پابندی كے بارے میں سمری وزيراعظم كو بھيج دی گئی ہے جس پر چيف جسٹس نے كہا کہ 4 مہينے پہلے وفاقی حكومت نے پابندی عائد كرنے اور اقدامات اٹھانے كے لئے خود ایک مہينے كی مہلت مانگی تھی لیکن 4 ماہ کے بعد بھی اس پر عمل نہیں ہوا، فيڈريشن كا يہی طرزعمل ہوگا تو عدالت كے فيصلوں پر عمل كون كرے گا، اس سے بڑھ كر مفاد عامہ كا معاملہ كيا ہوسكتا ہے جس كا تعلق براہ راست انسانی زندگی سے ہے ليكن حكومت كچھ كرنے كے لئے تيار نہيں۔

اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے كہا کہ بعض معاملات ميں مالی نقصان كو بھی ديكھا جاتا ہے جس پر جسٹس شيخ عظمت نے كہا کہ اگر معاملہ مالی فائدے اور ٹيكس ملنے كا ہے تو پھر تو ہيروئن، كوين اور منشيات پينے کی بھی اجازت ديدی جائے،نلكہ بند ہوگا تو پانی ركے گا، وفاقی حكومت شيشہ كی درآمد پر پابندی عائد كرے گی تو مسئلہ حل ہوگا۔ عدالت كے استفسار پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتايا كہ شيشہ نوشی كے خلاف اقدامات وزارت صحت اور كامرس كي ذمہ داری ہے جس پر عدالت نے دونوں وزارتوں كے سيكرٹریز كو طلب كرتے ہوئے سماعت منگل تک کے لئے ملتوی کردی ۔
Load Next Story