فلم ’’ماہِ میر‘‘ آسکر ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ

ہالی ووڈ میں موجود لوگوں کو فلم دیکھ کرپاکستانی سینماکی کارکردگی کا اندازہ ہوگا ،انجم شہزاد

ہالی ووڈ میں موجود لوگوں کو فلم دیکھ کرپاکستانی سینماکی کارکردگی کا اندازہ ہوگا ،انجم شہزاد ۔ فوٹو : فائل

پاکستانی فلم ''ماہِ میر'' کو اگلے برس فروری میں ہونیوالے 79ویں آسکر ایوارڈز کے غیر ملکی زبان کی فلم کے شعبے میں نامزد کیا گیا ہے۔

2 مرتبہ آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے باضابطہ طور پر فلم 'ماہِ میر' کو پاکستان کی جانب سے آسکر ایوارڈز کی حتمی نامزدگی کے لیے منتخب کیا۔ آسکر ایوارڈز کی کمیٹی آئندہ سال جنوری میں حتمی نامزدگی کے لیے فلمیں منتخب کرے گی جب کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب آئندہ سال فروری کے آخر میں منعقد ہوگی۔


ماہِ میر عصر حاضر کہ ایک نوجوان جمال ( فہد مصطفٰی ) کی کہانی ہے جو روایت سے بغاوت کرتا ہے اور اپنی زندگی میں محبت، جدائی اور غربت کے عذاب جھیلتا ہے اور جنون کی اسی کیفیت میں اٹھارویں صدی کے شاعر میر تقی میر کی وحشت سے آشنا ہوتا ہے۔ماہِ میر کے ہدایتکار انجم شہزاد نے کہا ہے کہ انھیں انتہائی مسرت ہے کہ ان کی فلم پاکستان کی آسکر میں نمائندگی کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ کم از کم وہاں لوگ اس فلم کو دیکھیں گے اور انھیں پاکستانی سینیما کی کارکردگی کا اندازہ ہوگا۔انجم شہزاد کے مطابق پاکستانی سینما ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اس لیے ایسی فلم کا بننا اور چلنا ہی بڑی بات ہے کیونکہ ہمارے پاس ابھی فلموں کی تعداد ہی انتہائی کم ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ میڈیا اور عوام دونوں کو پاکستانی سینیما کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک طویل اور مشکل مرحلہ ہے۔
Load Next Story