بانکی مون نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے کردارکی پیشکش کردی ملیحہ لودھی

پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر بے گناہ کشمیریوں پر ہونے والے قابض فوجیوں کےمظالم کا پردہ چاک کیا، ملیحہ لودھی

مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر ہونے والے بھارتی فوج کے مظالم کی تصاویر دیکھ کر بانکی مون افسردہ ہوئے، ملیحہ لودھی۔ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم کرنے لئے ثالثی کے لئے اپنا کردار ادار کرنے کی پیشکش کی ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون سے ملاقات کرکے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر ہونے والے بھارتی فوج کے مظالم کی تصاویر اور ثبوت دیئے جس کے بعد جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعظم نے بھارتی مظالم کے ثبوت بان کی مون کو دے دیئے

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر بے گناہ کشمیریوں پر ہونے والے قابض فوجیوں کےمظالم کا پردہ چاک کیا جس کے بعد عالمی برادری نے بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اگلے مرحلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکین سے رابطہ کرکے انہیں کشمیر میں ہونے والے مظالم کے ثبوت فراہم کرے گا۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ہونے والی پرتشدد کارروائیاں خطے میں امن کے لئے رکاوٹ اور خطرناک ہیں کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے تحت آئینی حق ملنا چاہئے اور پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
Load Next Story