اپنا بنایا پرائے کو بالی ووڈ کی وہ شخصیات جو بچے گود لے چکی ہیں

راہول کا شمار ان ایکٹرز میں کیا جاتا ہے جنہیں سنجیدہ اور میچور فلموں اور کردار کرنا پسند ہوتا ہے

راہول کا شمار ان ایکٹرز میں کیا جاتا ہے جنہیں سنجیدہ اور میچور فلموں اور کردار کرنا پسند ہوتا ہے : فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی شخصیات ایسی ہیں جنہوںنے بچوں کو گود لیا ہوا ہے۔ بسا اوقات ایسا کرنے کا مقصد واقعتاً کسی یتیم کی مدد کرنا ہوتا ہے اور کبھی کبھار یہ دوسروں کی دیکھا دیکھی ان سے متاثر ہو کر بھی کیا جاتا ہے۔ ان میں کچھ شخصیات ایسی بھی ہیں جنہوں نے اب تک شادی نہیں کی، لیکن وہ گود لیے بچوں کے ساتھ اپنے مادرانہ یا پدرانہ جذبات کی تسکین کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی فلمی شخصیات اپنے بچوں کے ساتھ لے پالک بچوں کی بھی پرورش کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں۔ اس مضمون میں بولی وڈ کی ان شخصیات کا ذکر ہے جنہوں نے بچے گود لیے ہوئے ہیں۔

٭روینہ ٹنڈن: روینہ کا شمار بولی وڈ کی ان ایکٹرسز میں کیا جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ معیاری اور اچھے کام کو ترجیح دی۔ اپنی پہلی فلم پھول اور کانٹے کے ذریعے راتوں رات مقبولیت حاصل کرنے والی روینہ کی شخصیت میں ہمیشہ کشش محسوس ہوتی ہے۔ اس کی وجہ ان کا رکھ رکھاؤ اور مہذب انداز ہے۔ روینہ نے دو بچوں کو گود لیا، اور ایسا اس وقت کیا جب خود ان کی عمر محض اکیس سال تھی۔ ان بچوں کی عمریں گیارہ اور آٹھ سال تھیں۔ اس وقت ان کا یہ فیصلہ حیرت انگیز تھا، لیکن انہیں اپنے والدین کا مکمل تعاون حاصل رہا ۔ روینہ کے لے پالک بچے پوجا اور چھایا اب میچور اور سمجھ دار ہو چکے ہیں۔ روینہ کے اپنے بچے ایک بیٹی راش اور بیٹا رنبیر ہے۔

٭متھن چکرورتی: متھن چکرورتی، جنہیں انڈسٹری متھن دا کے نام سے جانتی ہے، اپنے عروج کے دور میں بہترین ڈانس اور ایکشن ہیرو مانے جاتے تھے۔ اب اپنی سیکنڈ اننگز میں وہ فلم بینوں کو کیریکٹر رول میں بھی متاثر کرنے میں کام یاب ہو چکے ہیں۔ متھن دا نے اپنے زمانۂ مقبولیت میں ایک بچی کو گود لیا تھا۔ یہ بچی انہیں کوڑے کے ڈھیر میں اس وقت ملی تھی جب اس کی عمر محض چند ماہ تھی۔ متھن دا نے اپنے تینوں بیٹوں ریمو، میمو اور رامشے چکرورتی کے ساتھ اس کی تربیت کی اور اسے اپنی چھوٹی بیٹی کا درجہ دینے کے ساتھ اپنا نام بھی دیا۔

٭راہول بوس: راہول کا شمار ان ایکٹرز میں کیا جاتا ہے جنہیں سنجیدہ اور میچور فلموں اور کردار کرنا پسند ہوتا ہے۔ اس لیے وہ فلم سازوں کی خواہش کے باوجود کمرشیل فلموں سے دور رہتے ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر مسالا فلموں کی تعداد انگلیوں پر گنی جاسکتی ہے۔ وہ صرف معیاری اور ایسے رول جن میں اداکاری کی گنجائش بہت زیادہ ہو ہی قبول کرتے ہیں۔ راہول نے دس سے گیارہ سال کے چھے بچوں کو گود لیا ہے، جن میں تین لڑکے اور تین لڑکیاں شامل ہیں۔ راہول کا کہنا ہے کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک ایسا کام کررہے ہیں جس کے نتائج حوصلہ افزاء ہوں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ میری پہلی ترجیح ان بچوں کو بہترین تعلیم اور اچھا معیار زندگی فراہم کرنا ہے۔

٭سشمیتا سین: سابق مس یونی ورس اور اداکارہ سشمیتا اپنی پُرکشش اور درازقد شخصیت کے ساتھ زندہ دل اور ہنس مکھ انسان ہیں، جنہوں نے اپنے کیریر کے ہر مرحلے میں کام یابی حاصل کی۔ سشمیتا نے صرف اٹھارہ سال کی عمر میں ایک لڑکی کو گود لیا جسے انہوں نے رینی کا نا م دیا۔ سنگل مدر کے طور پر سشمیتا ایک کام یاب ماں ثابت ہوئی ہیں۔ رینی کی پرورش میں انہوںنے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ رینی کے بعد 2010 میں سشمیتا نے ایک اور لڑکی علیشاہ کو تب گود لیا جب اس کی عمر صرف تین ماہ تھی۔ اس حوالے سے سشمیتا بہت خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی فیملی مکمل ہو گئی ہے۔ سشمیتا کی بڑی بیٹی رینی مس یونی ورس کے مقابلے کی تیاری کر رہی ہے اور اسے یقین ہے کہ وہ بھی اپنی ماں کی طرح مس یونی ورس کا تاج اپنے سر پر ضرور سجائے گی۔


٭کنال کوہلی: کنال کوہلی کا دماغ آج کل ساتویں آسمان پر ہے، کیوںکہ وہ پریانکا اور شاہد کپور کے ساتھ مل کر جلد ہی اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی خوشی کی وجہ ایک یہ بھی ہے کہ کنال نے اپنی بیوی روینہ کے ساتھ مل کر ایک سات ماہ کی بچی کو گود لیا ہے، جسے انہوں نے رادھا کنال کا نام دیا ہے۔ کنال اور روینہ کی شادی کے بارہ سال گزرنے کے بعد بھی کوئی اولاد نہ تھی، چناں چہ انہوں نے بچی گود لینے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے دونوں کا کہنا ہے کہ ہمیں یوں لگتا ہے کہ ہماری فیملی مکمل ہوگئی ہے۔

٭سبھاش گھئی: بولی وڈ کے ہدایت کار سبھاش گھئی مختلف اور مخصوص انداز میں فلم بنانے کے معاملے میں خاصے مقبول ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر کئی کام یاب اور ہٹ فلمیں ہیں۔ اس کے عاللا وہ انہوں نے کئی نئے چہروں کو بھی فلمی دنیا میں متعارف کرایا، جیسے منیشا کوئیرالہ، دیویا بھارتی وغیرہ سبھاش گھئی نے اپنے بھائی کی بیٹی میگھنا کو اس کی پیدائش کے وقت ہی گود لے لیا تھا، جسے انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد ہائرایجوکشن کے لیے بیرون ملک بھیجا۔ میگھنا فلم میکنگ کی ڈگری حاصل کرچکی ہیں اور اب وہ اپنے والد سبھاش گھئی کی پروڈکشن کمپنی بڑی کام یابی سے چلا رہی ہیں۔

٭پریتی زینٹا: فلمی دنیا میں بہت کم ایسی اداکارائیں ہیں جنہیں قدرتی طور پر خوب صورت ہونے کا اعزاز حاصل ہے، ان میں پریتی زینٹا بھی شامل ہیں۔ ڈمپل ایکٹرس پریتی نے ہمیشہ معیاری کام کیا اور اپنی اقدار کو کبھی مجروح نہیں ہونے دیا۔ دل سے، کیا کہنا، ویرزارا اور سنگھرش ان کے کیریر کی چند یادگار اور کام یاب ترین فلمیں ہیں۔ پریتی کو فلموں کے علاوہ سماجی سرگرمیوں میں بھی دل چسپی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آئی پی ایل میں ایک کر کٹ ٹیم کی مالک ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی کے ایک یتیم خانے میں 32بچوں کی کفالت کی ذمہ داری بھی پریتی نے اٹھا رکھی ہے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ سارے بچے میرے ہیں اور مجھے ان کی پرورش اور تعلیم و تربیت ایسے ہی کرنی ہے جس طرح ایک ماں اپنے بچوں کی کرتی ہے۔

٭سلیم خان: معروف فلمی رائٹر سلیم خان، جن کا ایک حوالہ سلمان خان کے والد ہونا بھی ہے، نے ایک بچی کو گود لیا تھا، جسے انہوں نے ارپیتا خان کا نام دیا۔ ارپیتا نے سلیم خان کے تینوں بیٹوں سلمان، ارباز اور سہیل خان کے ساتھ پرورش پائی۔ تینوں بھائیوں کو اپنی اس بہن سے بہت پیار ہے، جس کا مظاہرہ ارپیتا کی شادی کے موقع پر بھی دیکھنے میں آیا۔ ارپیتا کی ایک بیٹی ہے۔

٭سمیرسونی اور نیلم: ایک طویل معاشقے کے بعد نیلم اور سمیر سونی نے بگ باس سیزن فور کے بعد شادی کرلی تھی، لیکن شادی کے اتنے سال گزر جانے کے بعد ان کے ہاں اولاد نہ ہوئی، جس کے بعد انہوں نے بچہ گود لینے کا فیصلہ کیا اور ایک بچی کو گود لے لیا، جسے انہوں نے آہانا سمیر کا نام دیا۔ نیلم اور سمیر اس چھوٹی سی گڑیا کو پاکر بہت خوش ہیں۔

٭نکہل ایڈوانی: فلمی شائقین کو کئی کام یاب اور سپرہٹ فلمیں جیسے کل ہو نہ ہو، سلام عشق وغیرہ دینے والے ہدایت کار نکہل نے شادی کے کئی سال کے بعد اولاد نہ ہونے کے سبب ایک بچی کو گود لیا۔ بچی گود لینے کا فیصلہ نکہل اور ان کی بیوی کا مشترکہ تھا۔ بچی کو کایا ایڈوانی کا نام دیا گیا ہے۔
Load Next Story