بھارتی مظالم کو تمام عالمی فورمز پر بے نقاب کیا جائے گا ملیحہ لودھی

مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے جلد ہی کونسل کے ارکان سے مشاورت کی جائے گی، ملیحہ لودھی

مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے جلد ہی کونسل کے ارکان سے مشاورت کی جائے گی، ملیحہ لودھی فوٹو: فائل

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے لئے اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کرے گا۔

غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو ہمیشہ مذاکرات کی دعوت دی اور بات چیت کے ذریعے ہی دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی اور مسئلہ کشمیر کوحل کرنے کی کوشش کی لیکن بھارت نے ہمیشہ ہی مذاکرات کے دروازے بند رکھے۔


ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے حالات اور حقائق جاننے والی انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو رسائی دینے سے انکار کیا اور کشمیری عوام کی حق خود ارادیت تحریک کو دہشت گردی سے جوڑنے کی ہرممکن کوشش کررہا ہے لیکن پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرے گا اور اس سلسلے میں سفارتی کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں سمیت جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ بان کی مون کو فراہم کئے گئے دستاویزی اور تصویری ثبوتوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حقائق شامل ہیں عالمی رہنماؤں نے بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کا اعتراف کیا ہے۔

مستقل مندوب نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دینے سے انکار کے ساتھ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنے سے بھی انکار کررہا ہے پاکستان جلد ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام ارکان سے مشاورت اور مسئلہ کشمیر کی قراردادوں پر عملدرآمد کے طریقوں پر غور کرے گا۔
Load Next Story