ایلیکسا ویگا

اسپائی کڈز سیریز کی تینوں فلموں میں جمناسٹک میں ماہر ایلیکسا نے تمام خطرناک سین خود فلم بند کروائے تھے۔۔

ایلیکسا ویگا نے کیریر کی شروعات1993ء میں ٹیلی ویژن سیریز سے کی۔ فوٹو : فائل

حالیہ برسوں میں ہالی وڈ میں ایسے فن کاروں کی قابل ذکر تعداد دیکھنے میں آئی ہے جو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری پر بھی توجہ دے رہے ہیں اور دونوں شعبوں میں انھوں نے اپنی صلاحیتیں منوائی بھی ہیں۔

اگرچہ یہ فن کار بہ یک وقت ایک سے زاید میدانوں میں قسمت آزمائی کا سبب اپنے شوق کو قرار دیتے ہیں، لیکن اس کی اصل وجہ یہ ڈر ہے کہ اگر انھیں اداکاری میں کام یابی نصیب نہیں ہوئی تو وہ گلوکاری کے ذریعے شوبز میں 'اِن' رہ سکتے ہیں۔ اور اگر شائقین موسیقی نے انھیں مسترد کردیا تو وہ اداکاری میں اپنی جدوجہد جاری رکھ سکتے ہیں۔

تاہم ان میں کچھ فن کار ایسے بھی ہیں جنھیں قدرت نے دونوں طرح کے ٹیلنٹ سے نوازا ہے اور وہ اپنے ٹیلنٹ سے بھرپور فائدہ بھی اٹھارہے ہیں۔ ایلیکسا ویگا کا شمار ایسے ہی فن کاروں میں ہوتا ہے۔ یہ بیس سالہ نوجوان فن کارہ نہ صرف فلم اور ٹیلی ویژن پر خود کو بہترین اداکارہ ثابت کرچکی ہے بلکہ گلوکاری میں بھی اپنی صلاحیتیں منوارہی ہے۔

میامی میں جنم لینے والی اس خوب صورت فن کارہ نے کیریر کی شروعات1993ء میں ٹیلی ویژن سیریز Evening Shade سے کی۔ اس ڈراما سیریز کی چھے اقساط میں اس نے بہ طور چائلڈ اسٹار مختصر رول ادا کیے۔ مِنی اسکرین پر ایلیکسا کی پرفارمینس نے ہالی وڈ کے ڈائریکٹرDuwayne Dunham کو بے حد متاثر کیا جو ان دنوں اپنی فلم Little Giants کے لیے اداکار بچوں کی تلاش میں تھے۔ ڈنہم نے بلاتاخیر ایلیکسا کے والدین سے رابطہ کیا اور اسے اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔ یوں کسی دقت کے بغیر ایلیکسا کی رسائی بڑی اسکرین تک ہوگئی۔ Nine Months، Twister، Ghosts of Mississippi اور The Deep End of the Ocean جیسی فلموں میں خوب صورت اداکاری نے بہ طور چائلڈ اسٹار ایلیکسا کا کیریر مستحکم کیا۔


2001ء کو ویگا کے کیریر میں سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ اس برس اسے کیریر میں پہلی بار، Spy Kids میں، لیڈ رول کے لیے منتخب کیا گیا۔ بچوں کے لیے بنائی گئی یہ فلم عالمی سطح پر زبردست مقبول ہوئی تھی۔ اس سپرہٹ فلم نے امریکا اور یورپ کے علاوہ ایشیا میں بھی بہترین بزنس کیا۔Spy Kids نے اس شرمیلی سی اداکارہ کو راتوں رات گُم نامی کے اندھیروں سے نکال کر شہرت کے آسمان پر پہنچا دیا۔ ہالی وڈ میں ہٹ فلموں کے سیکوئل بنانے کا رواج عام ہے۔ Spy Kids کے بھی بعدازاں دو حصےSpy Kids 2: The Island of Lost Dreams (2002ء) اورSpy Kids 3-D: Game Over (2003ء) منظر عام پر آئے۔ ان فلموں میں بھی ایلیکسا نے کارمین کورٹز کا مرکزی رول ادا کیا تھا۔ ہالی وڈ میں فلموں کے سیکوئلز کی کام یابی کی شرح کچھ بہتر نہیں، لیکن اسپائی کڈز سیریز کی یہ دونوں فلمیں پہلی فلم ہی کی طرح پسند کی گئیں۔



اسپائی کڈز سیریز کی تینوں فلموں میں، جمناسٹک میں ماہر ایلیکسا نے، تمام خطرناک سین خود فلم بند کروائے تھے۔ اسپائی کڈز سیریز کے بعد ایلیکسا نوجوان نسل کی پسندیدہ اداکارہ بن گئی اور ہالی وڈ میں اس کی مصروٖفیت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ اسے متعدد فلموں میں رول کرنے کی پیش کش ہوئی، لیکن ایلیکسا نے صرف انھی فلموں کا انتخاب کیا جن کا اسکرپٹ اسے متاثر کرسکا، ساتھ ساتھ اس نے اپنی اداکاری میں مزید بہتری پر بھرپور توجہ دی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس کی کام یاب فلموں کی فہرست طویل ہوتی چلی گئی۔ اسپائی کڈز سیریز کے بعد Sleepover، Odd Girl Out،Walkout ، Broken Hill، Cafe، اسپائی کڈز سلسلے کی چوتھی فلم All the Time in the World اور اس برس ریلیز ہونے والی The Devil's Carnival میں اس کی اداکاری دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

ایلیکسا کو گلوکاری سے دل چسپی اس وقت ہوئی جب وہ بہ طور چائلڈ اسٹار فلموں میں کام کررہی تھی۔ شوٹنگ کے بعد فارغ اوقات میں اس نے گائیکی کی باقاعدہ تربیت لینی شروع کردی تھی۔ چند برس کے عرصے میں وہ اس فن میں بھی طاق ہوگئی۔ اس نے گائیکی میں اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ پہلے پہل نجی محفلوں میں کیا اور پھر اسپائی کڈز کے لیے گیتIsle of Dreams ریکارڈ کروا کرپیشہ ورانہ گلوکارہ بن گئی۔ اس نے اسپائی کڈز سیریز کی دو مزید فلموں کے لیے بھی ایک ایک گیت گایا۔ ایلیکسا کے گائے ہوئے یہ گیت آج بھی بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہیں۔ ان دنوں ویگا اپنے پہلے البم پر کام کررہی ہے جو اسی برس ریلیز کیا جائے گا۔ اس البم کی ریلیز کے لیے میوزک کمپنی ''ہالی وڈ ریکارڈز'' ے ویگا سے معاہدہ کیا ہے۔

مثل مشہور ہے کہ شہرت حاصل کرنے سے زیادہ اسے برقراررکھنا مشکل ہوتا ہے۔ایلیکسا کا کہنا ہے کہ وہ اس مثل پر کامل یقین رکھتی ہے اور اپنی مقبولیت کے گراف کو بلند رکھنے کے لیے مسلسل محنت کررہی ہے۔ ایلیکسا کی شہرت کا دائرہ وسیع ہونے کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ میں اس کی مصروفیت بھی بڑھتی جارہی ہے۔ آئندہ برس ویگا کی چار فلمیں ریلیز ہوںگی جن میں 23 Blast، Machete Kills ، Bounty Killer اور 2 BR/1 BA شامل ہیں۔
Load Next Story