پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 111 رنز سے شکست دیدی

287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 175 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 175 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ویسٹ انڈیز کو 111 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 287 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 175 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بلے باز جانسن چارلس اور بریتھ ویٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 27 رنز کی شراکت قائم کی تو چارلس 20 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بن گئے جس کے بعد بریتھ ویٹ بھی 14 رنز ہی بنا سکیں جنہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیرن براوو تھے جو 12 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

وقفے وقفے سے مہمان ٹیم کی وکٹیں گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 175 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے مارلن سیموئلز سب سے زیادہ 46 رنز بنا سکے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں دنیش رامدین 8، کیون پولارڈ 9، کپتان جیسن ہولڈر ایک، کارلوس بریتھ ویٹ، سنیل نارائن 23 اور شینن گیبریل 2 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، حسن علی 3، عماد وسیم، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بابراعظم کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔




اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت پر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو پاکستانی کپتان اظہرعلی اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، کپتان نے اسکور بورڈ کو زحمت دیے بغیر میچ کی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد شرجیل خان نے بابراعظم کے ساتھ ملکر کر 82 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران شرجیل نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی اوراگلی ہی گیند پر 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ شعیب ملک بھی صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور نائب کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 99 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد سرفراز 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم بابراعظم دوسرے اینڈ سے ڈٹے رہے اور ایک روزہ کیرئیر کی اپنی پہلی سنچری مکمل کی، محمد رضوان بھی صرف 11 رنز ہی بناسکے جب کہ بابر120 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم نے 24 اور محمد نواز نے 19 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس برتھ ویٹ نے 3، سلیمان بین، سنیل نارائن، جیسن ہولڈر اور گبریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

Load Next Story