میسی کے پاؤں کی ٹھوکر سے ایک اور ریکارڈ چکناچور

ارجنٹائن و بارسلونا کے اسٹار سیزن میں سب سے زیادہ 86 گول بنانے والے پلیئر بن گئے

میسی 2009، 2010 اور2011 میں بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی کے پائوں کی ٹھوکر سے ایک اور ریکارڈ چکناچور ہو گیا۔

وہ ایک سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے، رواں برس میسی86 بار گیند کو جال کی راہ دکھا چکے، ان سے قبل جرمن فٹبالر گیرڈ مولر نے1972میں اپنی قومی ٹیم اور بائرن میونخ کلب کی جانب سے 85 گول داغے تھے،25 سالہ مسیی نے بارسلونا کی جانب سے رئیل بیٹس کیخلاف میچ میں 2 بار حریف دفاعی پلیئرز اور گول کیپر کو چکمہ دیا۔

میچ میں بارسلونا نے 2-1 سے فتح کو گلے لگایا،لیونل میسی نے 16ویں منٹ میں پہلی بار گیند کو جال میں پہنچا کر مولر کے 85 گول کا ریکارڈ برابر کیا، پھر25 ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے ان سے آگے نکل گئے، انھوں نے کیلنڈر ایئر کے دوران بارسلونا کلب کیلیے 74جبکہ ارجنٹائن کی جانب سے12گول کیے،اس شاندار کارکردگی کی بدولت میسی چوتھی بار فیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے کیلیے فیورٹ بن گئے۔




وہ 2009، 2010 اور 2011 میں بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ دریں اثنا میچ کے بعد ایک انٹرویو میں میسی نے کہا کہ ریکارڈ بنا کر اچھا لگا مگر میرے لیے ٹیم کی فتح ہمیشہ زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے، فیفا ایوارڈ کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ اگر میرے بارسلونا کے ساتھی آندریس انیستا نے ٹرافی جیتی تو مجھے بیحد خوشی ہو گی، یہ صرف ان کا ہی نہیں بلکہ ہمارے پورے ڈریسنگ روم کا ایوارڈ ہو گا۔

یاد رہے ان دونوں کے ہمراہ اس دوڑ میں رئیل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو بھی موجود ہیں۔ میسی192 گول کے ساتھ بارسلونا کی جانب سے سب سے زیادہ بار لیگ میں گیند جال تک پہنچانے والے پلیئر بھی بن چکے ہیں، ان سے قبل کیسر روڈیگز نے 190 گول کیے تھے۔
Load Next Story