’ٹنڈرا‘ چند حقائق
سردی کے موسم میں اس علاقے کا درجۂ حرارت صفر سے 50درجے نیچے تک گرجاتا ہے۔
ٹنڈرا ، یورپ، ایشیا اور شمالی امریکا میں واقع قطب شمالی کے علاقوں کے وسیع و عریض رقبے والا وہ خطہ ہے جو ہر طرح کی گھاس پھوس اور پیڑ پودوں سے محروم ہے۔ یہاں کسی بھی طرح کی نباتات پیدا نہیں ہوتی۔ یہ اس قدر سرد علاقہ ہے کہ یہاں کی نچلی سطح سخت گرمی کے موسم میں بھی بالکل یخ بستہ یعنی جمی رہتی ہے۔
ٹنڈرا ہر حوالے سے سرد ترین بھی ہے اور خشک ترین بھی۔ ہم یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ یہ خطہ قطب شمالی اور براعظم انٹارکٹیکا میں واقع ہے۔ ٹنڈرا میں موسم سرما ایک سال میں 42سے46ہفتوں تک رہتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہاں کا موسم گرما صرف 6سے10ہفتوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
سردی کے موسم میں اس علاقے کا درجۂ حرارت صفر سے 50درجے نیچے تک گرجاتا ہے اور موسم گرما میں یہاں کا درجۂ حرارت کبھی 50درجے فارن ہائیٹ سے زیادہ نہیں ہوتا۔ عام طور سے موسم گرما اس حد تک زمین کو گرم کردیتا ہے کہ تھوڑی بہت برف پگھل جاتی ہے اور چند ایک پودے بھی اگ آتے ہیں۔ حالاںکہ ٹنڈرا میں بہت زیادہ نامیاتی اجسام اپنا وجود برقرار نہیں رکھ پاتے، تاہم چند ایک زندہ بھی رہتے ہیں اور نمو بھی پاتے ہیں۔
مثال کے طور پر کائی اور اسی قسم کی ایک اور نباتات، یہ ٹنڈرا کے غالب پودے ہیں، کبھی کبھار یہاں کی زمین پر دور دور جھاڑیاں بھی پھیلی ہوئی کھائی دیتی ہیں۔ یہ پودے گروپس کی شکل میں اگتے ہیں، تاکہ اپنے آپ کو سرد اور یخ بستہ ہواؤں سے بچاسکیں۔ ان کے اگنے اور بڑھنے کا موسم بہت مختصر سے عرصے پر محیط ہوتا ہے۔
چند ایک جانور بھی ٹنڈرا میں پائے جاتے ہیں جن میں درج ذیل قابل ذکر ہیں: lemmings (قطب شمالی کے چوہے جیسا کترنے والا جانور) مختلف اقسام کے خرگوش caribou (امریکی رینڈیئر) اور قطبی یا برفانی ریچھ۔
برفانی ریچھ دوسرے جانوروں مثلاً وھیل اور سیل مچھلی اور چند دوسرے آبی ممالیے کی چربی پر گذارہ کرتے ہیں۔ برفانی بھیڑیے اور برفانی لومڑیاں بھی یہاں پائی جاتی ہیں جن کی خوراک caribou (امریکی رینڈیئر)، لیمنگ اور دیگر اقسام کے خرگوش بنتے ہیں۔ بہرحال یہ طے ہے کہ ٹنڈرا ایک سحر انگیز خطہ ہے جس کے موسم میں کشش بھی ہے اور خوف بھی!