جامعہ کراچی چینی زبان کی ترویج کیلیے ادارہ قائم کرے گا

چینی زبان سیکھنے والے طلبہ چینی یونیورسٹی سے بغیرفیس ایک سالہ کورس کریں گے

پاکستانی حکومت اور چینی حکومت کے مابین معاہدہ طے پایا تھاکہ پاکستان میں پرائمری سے لے کر اعلیٰ تعلیمی اداروں تک چینی زبان کی ترویج کا انتظام کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرمحمد قیصر نے پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد کے ہمراہ اپنے حا لیہ دورہ چین میںسچوان نارمل یونیورسٹی میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

پیرکواساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مذکورہ یادداشت کے تحت جامعہ کراچی میں جلد ہی''کنفوشس انسٹیٹیوٹ آف چائنیز لینگویج'' کا قیام عمل میں لایا جائے گا، تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکومت اور چینی حکومت کے مابین معاہدہ طے پایا تھاکہ پاکستان میں پرائمری سے لے کر اعلیٰ تعلیمی اداروں تک چینی زبان کی ترویج کا انتظام کیا جائے گا۔




معاہدے کی رو سے جامعہ کراچی میں چینی زبان سیکھنے والے طلبہ مذکورہ زبان کا ایک سال کے دورانیے پر مشتمل جدیدکورس سچوان نارمل یونیورسٹی، چین سے بغیر کسی فیس کے مکمل کرسکیں گے اور دوسالہ کورس مکمل کرنے پر ماسٹر ز کی ڈگری دی جائے گی، ڈاکٹر قیصر کہ کہنا تھاکہ عصر جدید کے تقاضوں کے پیش نظر جامعہ کراچی نے ہمیشہ بین الاقوامی جامعات کے ساتھ تعاون واشتراک کے فروغ کے لیے کام کیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج جامعہ کا شمار دنیا کی بہترین جامعات کی فہرست میں ہوتا ہے۔
Load Next Story