پاکستان کرکٹ ٹیم سب سے زیادہ ون ڈے جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی

قومی ٹیم نے 864 ایک روزہ میچزمیں سے 455 مقابلوں میں جیت اپنے نام کرتے ہوئے بھارت کو پیچھے چھوڑدیا۔

قومی ٹیم نے 864 ایک روزہ میچزمیں سے 455 مقابلوں میں جیت اپنے نام کرتے ہوئے بھارت کو پیچھے چھوڑدیا ہےِ فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کو 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دے کر سب سے زیادہ ون ڈے جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں شکست دے کر ںئی تاریخ رقم کردی اور قومی کرکٹ ٹیم سب سے زیادہ ون ڈے میچز جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اب تک 864 ایک روزہ میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے 455 میچز میں کامیابی اور 383 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ بھارت 454 مقابلوں میں جیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔


بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کے مقابلے میں 35 میچز زیادہ کھیل چکی ہے جس کے باوجود وہ ایک میچ کے فرق سے سب سے زیادہ میچز جیتنے کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے، بھارتی ٹیم کو 399 میچز میں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سب سے زیادہ ون ڈے جیتنے والی ٹیم ہے جو اب تک 884 ون ڈے مقابلوں میں سے 547 میں کامیابی حاصل کرچکی ہے جب کہ آسٹریلوی ٹیم کو 296 ایک روزہ میچز میں ناکامی کا سامنا رہا۔

آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر براجمان انگلینڈ اب تک 674 میچز میں سے 326 میں کامیاب اور 317 میں ناکام رہی جب کہ ویسٹ انڈیز 742 مقابلوں میں سے 376 میں کامیاب اور 334 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح سری لنکن ٹیم اب تک 777 ون ڈے میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 365 میں کامیاب اور 373 میں ناکام رہی۔
Load Next Story