پی پی کا رویہ دیکھ کر سیٹ ایڈجسمنٹ کا فیصلہ کریں گے

ضمنی انتخاب میں دھاندلی الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پرسوالیہ نشان ہے، حلیم عادل

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ق نے سندھ میں عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے جو حوصلہ افزا ہے۔ فوٹو: فائل

صوبائی مشیر برائے ریلیف اور مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ان کی پارٹی بھرپور حصہ لے گی اور3 ماہ کے دوران سندھ میں پی پی کا رویہ دیکھ کر سیٹ ایڈجسمنٹ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، حالیہ ضمنی انتخاب میں دھاندلی الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان ہے۔

یہ بات انہوں نے عمرکوٹ میں عوامی اجتماع اور میٹ دی پریس میں سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہی۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ق نے سندھ میں عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے جو حوصلہ افزا ہے۔ حکومت سمیت اپوزیشن جماعتوں نے چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم پر مکمل اعتماد کیا تھا، مگر پنجاب میں ضمنی الیکشن میں ریکارڈ دھاندلیوں پر الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان اٹھا ہے۔ ملک کے موجودہ حالات صاف و شفاف انتخابات کے متقاضی ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مسلم لیگی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔




اگر آج مسلم لیگی جماعتیں متحد ہوتیں تو ملک کے یہ حالات نہ ہوتے، تاہم موجودہ حالات میں انہیں مسلم لیگی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکتھا ہونا نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قائد اعظم حقیقی معنوں میں سندھ کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے۔ ہم نے ڈرائنگ روم کی سیاست کا خاتمہ کر کے عوامی سیاست کا ٹرینڈ دیا ہے، ہم عوام سبز باغ دکھانے کے بجائے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

سانگھڑ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ صوبوں کو مضبوط بنانا ہے ، یہ مضبوط ہوںگے تو پاکستان مضبوط ہوگا، محب وطن پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا ہوگا۔ اس موقع پر حاجی اسلام قریشی، خان بہادر، فریدہ لغاری، افضل راجپوت دیگر نے بھی خطاب کیا۔حلیم عادل نے کہا کہ اب وڈیرہ شاہی کا دور ختم ہوگیا عوام باشعور ہوچکے ہیں، ہم ایئر کنڈیشن میں بیٹھ کر سیاست نہیں کرتے، عوام کے دکھ درد میں ان کے ساتھ ہونگے کیونکہ اصل طاقت عوام ہے ، سندھ محبت کرنے والوں کی سرزمین ہے، پورے سندھ میں ورکرز کنوشن ہونگے مرکزی جلسے میںچوہدری شجاعت شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ پورے پاکستان سے امیدوار کھڑا کریگی۔ اس موقع پر در محمد شر، افشاں مری، رمیش کماردیگر بھی موجود تھے ، صوبائی مشیر نے بعد میںپریس کلب سانگھڑ کا دورہ اور صحافیوں سے بات چیت کی۔
Load Next Story