بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے زور پر دبا نہیں سکتا وزیراعظم

پاکستان اور کشمیر کاز کو مضبوط کرنا سب سے اہم مقصد ہے، وزیر اعظم

بھارتی جارحیت کے خلاف سیاسی قیادت کی جانب سے واضح پیغام جائے، وزیراعظم نواز شریف. فوٹو: پی آئی ڈی

GUJRANWALA/FAISALABAD:
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے زور پر دبا نہیں سکتا۔

بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس میں شرکت پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی اور کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پیج پر جمع ہونا خوش آئند ہے، کشمیر سمیت قومی سطح کے معاملات پر ہمیں متحد رہنا چاہیئے جب کہ پاکستان اور کشمیر کاز کو مضبوط کرنا سب سے اہم مقصد ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارت کو کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنا ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدو جہد قانونی ہے، حق خود ارادیت کی جدوجہد سلامتی کونسل سے منظور شدہ ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد ہر عالمی فورم پر اجاگر کرنے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے زور پر کسی صورت دبا نہیں سکتا، کل جماعتی کانفرنس میں بہت اچھی تجاویز سامنے آئی ہیں جن پر عمل درآمد کی پوری کوشش کریں گے۔
Load Next Story