ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ کی جنگ سوشل میڈیا پر پہنچ گئی

دونوں اداکاروں نے نام لیے بغیر ایک دوسرے پر تنقید کی۔

دونوں اداکاروں نے نام لیے بغیر ایک دوسرے پر تنقید کی۔ فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بھائی اداکار و ہدایتکار اربازخان اور فلم نگری کی آئٹم گرل ملائکہ اروڑہ خان نے ایک دوسرے سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد اب سوشل میڈیا پر جنگ شروع کردی ہے۔

بالی ووڈ اداکار ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان 18 سال بعد علیحدگی ہوئی جب کہ گزشتہ دنوں دونوں اداکاروں کے اختلافات ختم ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کی ارباز خان نے تردید کردی تھی تاہم اب دونوں اداکاروں کی سرد جنگ سوشل میڈیا پر بھی شروع ہوگئی ہے۔

ارباز خان نے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ان کا بغیر نام لیے ملائکہ اروڑہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم میں کتنا طاقتور ہوں کیوں کہ میں نے ایک ایسے انسان کومعاف کیا ہے جسے اپنی غلطی پر کوئی افسوس نہیں ہے اور یہاں تک کہ اس نے مجھ سے اب تک معافی بھی نہیں مانگی ہے۔




ارباز خان کی پوسٹ کے فوراً بعد اداکارہ ملائکہ اروڑہ خان نے بھی انسٹا گرام پر اپنے اکاؤنٹ سے جواب میں ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بھی نام لیے بغیر ارباز خان کو کرارا جواب دیا جس کے مطابق اگر آپ کسی کو بار بار موقع دیتے ہیں تو وہ آپ کی عزت کم کرنا شروع کردیتا ہے اور آپ کے معیار کو بھی نظر انداز کرنے لگتا ہے کیوں کہ اسے آپ کے کھونے کا ڈر نہیں ہوتا بلکہ اسے لگتا ہے کہ کسی بھی عمل کا کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا اسی لیے جو آپ کا احترام نہ کرے ایسے انسان کو دوبارہ سنبھلنے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔



دوسری جانب دونوں اداکاروں کی سوشل میڈیا پر جاری سرد جنگ نے اختلافات ختم ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پرایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے اور مداحوں کی جانب سے بھی دونوں کے علیحدگی پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
Load Next Story