سندھ ہائی کورٹ کی احتساب عدالتوں کونئی گائیڈ لائن جاری

ریاست کی ذمہ داری ہے کہ غیرضروری تاخیر کا باعث بننے والےعوامل پر قابو پائے، سندھ ہائی کورٹ

عدالت نے فیصلےکی نقول احتساب عدالتوں اورنیب حکام کوبھیجنے کا حکم دے دیا فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے احتساب عدالتوں کو نئی گائیڈ لائن جاری کردیں ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالتیں روایتی طریقوں سے ہٹ کر ضابطہ اختیار کریں تاکہ مقدمات جلد نمٹ جائے۔


سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کی طویل فہرست مقدمات میں تاخیرکا باعث بنتی ہے، صرف ان ملزمان کومقدمے میں شامل کیاجائے جن کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہوں، استغاثہ صرف ان دستاویزات پرانحصار کریں جن سے انکارممکن نہ ہو، زیرحراست ملزمان کو نظام کی خامیوں کی سزا ملتی ہے، مفرورملزمان کا کیس گرفتارملزمان سے علیحدہ کیا جائے، فردجرم عائد ہونے کے بعد فیصلے تک کا عرصہ کم کرنے کی کوشش کی جائے۔

عدالت عالیہ نے کہا ہے کہ حکومت احتساب عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کرے تاکہ کیسزجلد نمٹائے جاسکیں، فیصلوں میں تاخیر کے باعث ملزمان آرٹیکل 10 اے کے تحت فوری انصاف کے حق سے محروم ہوجاتے ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ غیر ضروری تاخیر کا باعث بننے والےعوامل پر قابو پائے۔
Load Next Story