پاکستان کے ساتھ دفاعی اوراقتصادی شعبے میں تعاون بڑھائیں گے فرانسیسی صدر
فرانس کے صدر اولینڈے نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اوردفاعی شعبےمیں تعاون بڑھائیں گے۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں صدر آصف زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرانسیسی صدراولینڈے نے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری سے ایٹمی معاملے پربھی بات چیت ہوئی ہے۔
فرانس کے صدر اولینڈے نے ملالہ یوسف زئی کی تعلیم کے حصول کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہم سب ملالہ کی ہمت کو داد دیتے ہیں۔
اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ فرانس پاکستان کا اچھا دوست ہے اورہم فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ قرآن پاک میں پہلا لفظ "اقرا" ہے جس کے معنی ہیں پڑھنا، انہوں نے کہا کہ شدت پسند ایک لڑکی کے ہاتھ میں کتاب دیکھ کر ڈر گئے اور اس لئے انہوں نے یہ جارحانہ قدم اٹھایا۔