ترکی گولن سے تعلق پر 12 ہزار سے زائد پولیس افسر معطل

پورے ملک سے معطل ہونیوالے پولیس افسران میں سے2 ہزار 523 پولیس چیفس ہیں

ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے تاحال ایک لاکھ افراد معطل یا فارغ کیے جا چکے۔ فوٹو: فائل

 

ترکی کے حکام نے امریکا میں مقیم ترک مبلغ 75 سالہ فتح اللہ گولن اوران کے نیٹ ورک سے تعلقات کے الزام میں 12 ہزار801 پولیس افسران کوملازمت سے معطل کردیا۔


اس حوالے سے جاری ہونے والے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ پورے ملک سے معطل کیے جانے والے پولیس افسران میں سے 2 ہزار 523 پولیس چیفس ہیں۔

ترکی کی کل پولیس فورس کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار ہے۔ رواں برس 15اگست کو ترک صدر رجب طیب اردوان کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے ملک میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران فوج، سول سروس، پولیس اور عدلیہ میں سے ایک لاکھ افراد کو معطل یا فارغ کیا جاچکا ہے جبکہ32ہزار افراد کو بغاوت میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

دوسری طرف ترک پولیس نے حکومت مخالف ٹیلی وڑن چینل آئی ایم سی ٹی وی کو بند کر دیا۔ اس چینل کے ایک ایڈیٹر نے بتایا کہ پولیس اہلکار استنبول میں اس چینل کے دفتر ادارت میں گھْس گئے اور نشریات رکوا دیں۔
Load Next Story