کراچی میں ایکسپریس نیوز وین پر حملے کا ملزم گرفتار

عرفان نے ساتھیوں کے ساتھ  18 جنوری 2014 کو  ایکسپریس نیوز کے3 ملازمین قتل کیے تھے

لانڈھی پولیس نے نیٹو فورس پر حملہ کرنے والے دہشت گرد سمیت 57 ملزمان پکڑلیے۔ فوٹو: فائل

پولیس نے ایکسپریس نیوز کی سیٹلائٹ وین پر حملے میں ملوث ملزم اور لانڈھی پولیس نے افغانستان میں نیٹو فورس پر حملہ کرنے والے دہشت گرد سمیت 57 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رضویہ پولیس نے نیو گولیمار زمیندار ہوٹل شاہجہاں پلیہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم عرفان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کر لی، پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد عرفان کالعدم لشکر جھنگوی ( قاری محسن گروپ ) کا اہم دہشت گرد ہے، گرفتار دہشت گرد پولیس اہلکاروں سمیت فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

گرفتار دہشت گرد عرفان کے ساتھی قاری محسن اور اس کے ساتھیوں کو سی آئی ڈی گارڈن نے فروری 2016کو ایئر پورٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم کے دیگر سا تھی محمد سرفراز ، تنویر ندیم ، ثاقب عرف پپی اور امیر نواب نے 18 جنوری 2014 کو نارتھ ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب ایکسپریس نیوز کی سیٹلائٹ وین (ڈی ایس این جی ) پر حملہ کیا تھا جس میں ایکسپریس نیوز کے3 ملازمین جاں بحق ہوگئے تھے۔

لانڈھی پولیس نے خفیہ اطلاع پر لانڈھی 89 پر کاروائی کرکے ملزم محمد مجاہد عرف فوجی کو گرفتار کر لیا ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد مجاہد افغانستان میں نیٹو فورس پر حملہ میں ملوث ہے ، ملزم کا افغانستان میں جہادی تنظیموں سے رابطہ ہے۔


گرفتار دہشت گرد پولیس سے اسلحہ چھیننے کا ماہر ہے، دہشت گرد کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں زمان ٹاؤن، کورنگی صنعتی ایریا، کورنگی، قائد آباد، ابراہیم حیدری، لانڈھی اور دیگر تھانوں میں قتل، اقدام قتل ، ڈکیتی سمیت دیگر درجنوں مقدمات درج ہیں، گرفتار دہشت گرد مجاہد نے5 شادیاں کی ہیں جبکہ ایک ابراہیم حیدری میں اپنی ایک بیوی کو بھی قتل کیا تھا۔

علاوہ ازیں ایس پی بلدیہ آصف رزاق کی سرابرہی میں بلدیہ ڈویژن پولیس نے سعید آباد کے علاقے سیکٹر 8 اور 12 میں جرائم پیشہ عناصر کی اطلاعات پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران 15 مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔

بوٹ بیسن پولیس نے ایک ملزم شاہد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ڈیفنس میں ڈکیتی کے دوران اپنے ساتھی کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا جبکہ وہ کلفٹن پولیس کو 40 لاکھ کی ڈکیتی میں بھی مطلوب تھا۔

 
Load Next Story