کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پارلیمنٹ میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

عالمی برادری کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کانوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائے، قرار داد کا متن

عالمی برادری کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کانوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائے، قرار داد۔ فوٹو؛ فائل

پارلیمنٹ كے مشتركہ اجلاس نے بھارتی جارحیت اورمقبوضہ كشمیرمیں انسانی حقوق كی خلاف ورزیوں اورمعصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر مذمتی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔



وزیراعظم كے مشیرخارجہ سرتاج عزیزنے قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں كہا گیا ہے كہ پارلیمنٹ كامشتركہ اجلاس اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل كی قراردادوں اوربین الاقوامی قانون كے مطابق حق خودارادیت كے لیے كشمیری عوام كی طرف سے شروع كی گئی ان كی اپنی جدوجہد كی جائزحیثیت كوتسلیم كرتا ہے اورمقبوضہ كشمیرمیں بھارتی قابض افواج كی طرف سے طاقت كے ظالمانہ استعمال كی شدیدمذمت كرتا ہے۔



قرارداد میں كہا گیا ہے كہ پارلیمنٹ كامشتركہ اجلاس مظاہرین كے اوپرچھرے والی بندوقوں كے استعمال اورانہیں نشانہ بنانے كی بھی شدیدمذمت كرتاہے، پارلیمنٹ کا مشتركہ اجلاس مقبوضہ كشمیركے بہادرعوام كی بھارت كی ریاستی دہشت گردی كے خلاف مسلسل بے مثال جدوجہد پران كے حوصلے اورعزم كوسلام پیش كرتا ہے اورحریت قیادت انسانی حقوق كے كاركنوں ،صحافیوں اور دیگرسیاسی شخصیات كی گرفتاری اورانہیں زیر حراست ركھنے پر شدید تشویش كا اظہاركرتاہے جب کہ بھارتی حكومت پرزوردیتا ہے كہ وہ انہیں فوری طورپررہاكرے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ كا مشتركہ اجلاس مقبوضہ كشمیرمیں آرمڈ فورسزاسپیشل پاورز ایكٹ جیسے كالے قوانین كونافذ ركھنے كی شدید مذمت كرتا ہے، پارلیمنٹ كا مشتركہ اجلاس مقبوضہ كشمیر كو بھارت كااٹوٹ انگ قراردینے كے بھارتی دعوے كو مسترد كرتا ہے اور یہ یاد دلاتا ہے كہ مقبوضہ كشمیرایك متنازعہ علاقہ ہے اوراقوام متحدہ كی سلامتی كونسل كے ایجنڈے پراسے بین الاقوامی طورپرمتنازعہ علاقہ تسلیم كیاگیا ہے۔




قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ كا مشتركہ اجلاس بھارت كی حكومت پر زور دیتا ہے كہ وہ بے گناہ لوگوں كوہراساں كرنے كاسلسلہ فوری طورپربند كرے اورانسانی حقوق اورانسانی ہمدردی كی بنیاد پربین الاقوامی قانون سے متعلق اپنی ذمہ داریاں اوراقوام متحدہ كی سلامتی كونسل كی قراردادوں كے تحت اپنے وعدے پورے كرے، مشتركہ اجلاس جنگ بندی كی باربارخلاف ورزیوں اورحالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت كی مذمت كرتا ہے اوربھارتی قبضے سے آزادی كے لیے كشمیری عوام كی مقامی طورپرشروع كی گئی جدوجہد كو دبانے كے لیے اس كے ظالمانہ ہتھكنڈوں سے توجہ ہٹانے كی بھارتی كوششوں كو مسترد كرتا ہے۔



قرارداد میں كہا گیا ہے كہ مشتركہ اجلاس كنٹرول لائن كے پار سرجیكل اسٹرائیك كے مضحكہ خیز بھارتی دعوؤں كو كھلا جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد كرتا ہے اور انہیں مقبوضہ كشمیر میں بھارت كے ظالمانہ ہتھكنڈوں سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے كی كوشش سمجھتا ہے، مشتركہ اجلاس اُڑی حملے میں پاكستان كو ملوث كرنے كے بھارتی بے بنیاد الزامات كو مسترد كرتا ہے اور تشویش كے ساتھ اُڑی حملے كے وقت كو نوٹ كرتا ہے جو كہ مقبوضہ كشمیر میں بھارت كے ظالمانہ ہتھكنڈوں سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے كی ایك كوشش ہو سكتی ہے، اجلاس پاكستان میں بھارت كی طرف سے مداخلت اور دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں كی سرپرستی كرنے كی بھی مشتركہ اجلاس مذمت كرتا ہے جس كا ''را'' سے تعلق ركھنے والے بھارتی بحریہ كے حاضر سروس افسر كلبھوشن یادیو كی گرفتاری اور اس كے اعتراف جرم سے ثبوت ملتا ہے، ایوان یہ سفارش كرتا ہے كہ كلبھوشن یادیو كا معاملہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے، ایوان سارك فورم میں شركت سے انكار سمیت دوطرفہ اور كثیر طرفہ مذاكرات كے لیے تمام سفارتی كوششوں كو سبوتاژ كرنے كے بھارتی عزائم پر بھی افسوس كا اظہار كرتا ہے اور بھارت كی طرف سے پانی كو نہ صرف پاكستان بلكہ پورے خطے كے لیے ہتھیار كے طور پر استعمال كرنے كی بھارت كی خواہش كی مذمت كرتا ہے اور اسے اس كے بین الاقوامی معاہدے كی ذمہ داریوں كی كھلی خلاف ورزی تصور كرتا ہے۔



قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان بھارتی جارحیت كا منہ توڑ جواب دینے كے لیے پاكستان كی مسلح افواج كی دلیری اور غیر متزلزل عزم كو سراہتا ہے، ایوان عالمی برادری پر زور دیتا ہے كہ وہ مقبوضہ كشمیر میں خون ریزی ركوانے كے لیے اپنا كردار ادا كرے اور بھارت كی طرف سے انسانی حقوق كی خلاف ورزیوں كی آزادانہ تحقیقات كرائے اور مقبوضہ كشمیر سے متعلق اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل كی قراردادوں كو یقینی بنائے تاكہ كشمیر كے عوام اپنا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت استعمال كر سكیں۔ قرارداد میں مزید كہا گیا ہے كہ پارلیمنٹ كا مشتركہ اجلاس اس بات كا اعادہ كرتا ہے كہ پاكستان تمام تصفیہ طلب مسائل اور بالخصوص مقبوضہ كشمیر كے اہم تنازعہ كو حل كرنے كے لیے بھارت كے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاكرات كے لیے پرعزم ہے۔

Load Next Story