دنیا کے کسی بھی خطے میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہوں ماہرہ خان

میں ایسی دنیا کا خواب دیکھتی ہوں جہاں میرا بچہ جنگ اور خونریزی نہ دیکھے، ماہرہ خان

فنکار اور پاکستانی کی حیثیت سے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت اور وقار کا خیال رکھا ہے، ماہرہ خان   فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
اڑی واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بالاخر ماہرہ خان نے بھی اپنا موقف پیش کردیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے کسی بھی خطے میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہیں۔

ماہرہ خان دور حاضر کی ان پاکستانی فنکاروں میں شمار ہوتی ہیں جو بھارت میں بھی خاصی مقبول ہیں اور بالی ووڈ میں ان کی پہلی فلم ہی شاہ رخ خان کے ساتھ ریلیز ہورہی ہے لیکن اُڑی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں ان کی فلم کی ریلیز پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں تاہم اب انہوں نے اپنا موقف پیش کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اظہار خیال کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ وہ گزشتہ 5 برسوں سے اداکاری کررہی ہیں اور اس تمام عرصے میں انہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت کا ہمیشہ خیال رکھا ۔ ایک فنکار اور پاکستانی ہونے کی حیثیت سے وہ ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنے وطن کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائی ہیں۔




ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے وہ دنیا میں کسی بھی جگہ پر دہشت گردی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے انسانی جانی نقصان کی مذمت کرتی ہیں۔ انہیں کبھی بھی جنگ یا خونریزی سے خوشی نہیں ملتی۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی دنیا کا خواب دیکھتی اور امید رکھتی ہیں جہاں ان کا بچہ جنگ اور خون خرابہ نہ دیکھے۔ وہ ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہیں جو انہیں پسند اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔

 

 
Load Next Story