پٹرول کی کھپت21فیصداضافے سے276لاکھ ٹن تک پہنچ گئی

ڈیزل1فیصدکمی سے6.8ملین،فرنس آئل کااستعمال7فیصدگھٹ کر8.4ملین ٹن رہا

ایندھن کی مجموعی کھپت میں پٹرول کا تناسب 12 فیصد سے بڑھ کر 14فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ فائل: فوٹو

ملک میں سی این جی کی بندش اور بجلی کے بحران کے باعث پٹرول کی کھپت میں اضافہ ہورہا ہے۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی (او سی اے سی) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2011-12کے دوران پٹرول کی مجموعی کھپت 21 فیصد اضافے سے 27لاکھ 61ہزار ٹن رہی، ایندھن کی مجموعی کھپت میں پٹرول کا تناسب 12فیصد سے بڑھ کر 14فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

مالی سال 2007-8میں ایندھن کی مجموعی کھپت میں پٹرول کا حصہ 8فیصد تھا۔ دوسری جانب ایندھن کی کھپت میں کمی کا تسلسل دوسرے سال بھی جاری ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2011-12کے دوران ایندھن کی مجموعی کھپت میں 3فیصد کمی واقع ہوئی ہے، مالی سال 2011-12کے دوران ایندھن کی مجموعی کھپت19.1ملین ٹن رہی جو مالی سال 2010-11کے دوران ایندھن کی کھپت 19.7ملین ٹن سے 3فیصد تک کم رہی، بجلی کے بحران کے باوجود فرنس آئل کی کھپت میں 7فیصد کمی واقع ہوئی۔


سرکلر ڈیٹ کے باعث سرمائے کی کمی کا شکار پاور ہائوسز نے فرنس آئل خرید کر اضافی بجلی پیدا کرکے اپنے بقایا جات میں اضافے کے بجائے پیداوار محدود رکھنے کی پالیسی کو ترجیح دی جس سے فرنس آئل کی کھپت کم رہی، پاور سیکٹر کو گیس کی سپلائی بڑھنے سے پاور سیکٹر کے فرنس آئل کی کھپت میں 5فیصد تک کمی واقع ہوئی۔

گزشتہ مالی سال کے دوران فرنس آئل کی کھپت 7فیصد کمی سے 8.4ملین ٹن ریکارڈ کی گئی، ڈیزل کی کھپت ایک فیصد کمی سے 6.8ملین ٹن رہی، ایران سے ڈیزل کی بڑھتی ہوئی اسمگلنگ ڈیزل کی کھپت میں کمی کی بنیادی وجہ ہے مقامی سطح پر تیار شدہ ڈیزل کی لاگت اور ٹیکسز میں اضافے کے باعث اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اور پاکستانی ریفائنریز کے تیار کردہ ڈیزل کی قیمتوں میں فرق بھی بڑھ رہا ہے، گزشتہ سال جیٹ فیول آئل کی مقامی کھپت 23فیصد کمی سے 1لاکھ 93 ہزار ٹن رہی۔
Load Next Story