بی پی ایل فرنچائزز نے آخری وارننگ بھی ہوا میں اڑادی

واجبات کی ادائیگیوں کامعاملہ حل نہ ہوسکا،آدھی رقم سے محروم ہوں،کوچ ڈھاکا ٹیم

تازہ ترین ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود لیگ کے واجبات کی ادائیگیوں کا معاملہ حل نہیں ہوسکا۔ فوٹو: وکی پیڈیا

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی فرنچائزز نے بورڈ کی آخری وارننگ بھی ہوا میں اڑا دی، تازہ ترین ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود واجبات کی ادائیگیوں کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، ادھر ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے کوچ ای ین پونٹ نے دعویٰ کیاکہ وہ بھی ابھی تک معاوضے کی آدھی رقم سے محروم ہیں، کئی پلیئرز اور اسٹاف معاوضوں کا انتظار کررہا ہے، انھوں نے انکشاف کیا کہ ٹیم نے معاوضوں کے معاملے پر سیمی فائنل کے بائیکاٹ پر بھی غور کیا تھا۔


تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی بدنامی سمیٹنے کے باوجود بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے غیرذمہ دارانہ رویے میں کوئی بھی فرق نہیں آیا،گورننگ کونسل نے فرنچائزز کو 21 جولائی تک تمام واجبات کلیئر کرنے کی آخری مہلت دی تھی مگر تین دن مزید گزرجانے کے باوجود معاملہ جوں کا توں ہے، اس بارے میں بی پی ایل کے چیئرمین غازی اشرف حسین باربار کی وعدہ خلافیوں کے باوجود فرنچائزز کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتے، ان کا کہنا ہے کہ ہم انھیں معاملات درست کرنے کے لیے مزید وقت دینا چاہتے ہیں۔

ادھر ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے کوچ ای ین پونٹ کا کہنا ہے کہ مجھے ابھی تک مکمل معاوضہ ادا نہیں کیا گیا، پہلے ٹرانسفر سلپ دکھائی گئی مگر رقم میرے اکائونٹ میں نہیں آئی، مزیدکئی پلیئرز اور اسٹاف واجبات کا منتظر ہے، انھوں نے کہا کہ غیرملکی پلیئرز نے رقم کی عدم ادائیگی پر سیمی فائنل کے بائیکاٹ پر بھی غور کیا،اس بارے میں ہماری ہنگامی میٹنگ بھی ہوئی مگر پھر لیگ اور شائقین کی خاطرپلیئرز کھیلنے پر آمادہ ہوگئے تھے۔
Load Next Story