ایبٹ آباد میں چیئر لفٹ خراب ہونے سے 10 بچے پھنس گئے

دیسی ساختہ لفٹ کو سیل کر کے اس کے مالک اور ملازم کو گرفتار کر لیا گیا

لفٹ کا این او سی ہے نا ہی فٹنس کوئی سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا، تحصیل نائب ناظم ایبٹ آباد. فوٹو: فائل

دم توڑ کے قریب ندی ہرو پر قائم چیئر لفٹ خراب ہونے سے اسکول جانے والے 10 بچے پھنس گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایبٹ آباد میں دم توڑ کے قریب اسکول کے 10 طلبا دیسی ساختہ چیئر لفٹ کے ذریعے ندی پار کر رہے تھے کہ لفٹ درمیان میں پہنچ کر خراب ہو گئی اور بچے زمین سے کئی فٹ اوپر لفٹ میں پھنس گئے۔ کافی دیر لفٹ میں پھنسے رہنے کے بعد مقامی لوگوں نے ایک ٹریکٹر کا بندوبست کیا جس کے ذریعے لفٹ کو کھینچ کر کنارے پر لایاگیا اور بچوں کو نکالا گیا۔


ایبٹ آباد کے تحصیل نائب ناظم سردار شجاع نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لفٹ فوری طور پر سیل کرنے کا حکم دے دیا جب کہ پولیس نے چیئر لفٹ کے مالک زبیر خان اور ملازم وحید خان کو گرفتار کرلیا۔ تحصیل نائب ناظم کا کہنا تھا کہ لفٹ میں انجینئرنگ کے اصولوں کی پیروی نہیں کی گئی، لفٹ کا این او سی ہے نا ہی کوئی فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا تھا.



 
Load Next Story