جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 10 فیصد کمی سے 8 ارب17 کروڑ ڈالر تک محدود

رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران برآمدات 7.85 فیصد کے اضافے سے 10 ارب 8 کروڑ

نومبر میں تجارتی خسارہ سال بہ سال21 فیصد کم رہا، درآمدات 2.3 فیصد گھٹ کر 3.6 ارب، برآمدات 23.7 فیصد اضافے سے1.9 ارب تک جاپہنچیں۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

KARACHI:
پاکستان سے گزشتہ ماہ برآمدات میں نمایاں اضافے اور درآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ 9.93 فیصد سکڑگیا۔

نومبر میں برآمدات سال بہ سال 23.68 فیصد کے اضافے سے 1 ارب 89 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں،نومبر 2011 میں برآمدات کی مالیت 1 ارب 53 کروڑ30 لاکھ ڈالر رہی تھی، گزشتہ ماہ درآمدات 2.33 فیصد کمی سے 3 ارب 60 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں، گزشتہ سال نومبر کے دوران درآمدی بل 3 ارب 69 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا تھا، اس طرح نومبر میں سال بہ سال تجارتی خسارہ 1 ارب 71 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2 ارب 16 کروڑ ڈالر کے خسارے سے20.79 فیصد کم ہے۔




گزشتہ 5 ماہ (جولائی تانومبر) برآمدات 7.85 فیصد بڑھ کر 10 ارب 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، درآمدات 0.91 فیصد کمی سے 18 ارب 25 کروڑ ڈالر اور تجارتی خسارہ 9.93 فیصد کمی سے 8 ارب 16 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کی پہلے 5 ماہ میں برآمدات 9 ارب 34 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، درآمدات 18 ارب 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 9 ارب 6 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا تھا، اکتوبر 2012 کے مقابلے میں نومبر 2012 کے دوران برآمدات 5.95 فیصد، درآمدات 4.83 فیصد اور تجارتی خسارہ 3.55 فیصد کم رہا۔
Load Next Story