تیز رفتار کوچ الٹ گئی باپ بیٹا جاں بحق 3خواتین زخمی

حادثہ موٹرسائیکل سواروں کو بچانے کی کوشش میں پیش آیا، کوچ میرپورخاص سے کراچی جارہی تھی، ڈرائیور فرار

بدھ کی صبح میرپورخاص سے کراچی جانے والی کوچ ٹنڈوالہیار میں کریاشاخ کے مقام پر موٹرسائیکل سواروں کو بچاتے ہوئے الٹ گئی۔ فوٹو: فائل

میرپورخاص سے کراچی جانے والی مسافر کوچ موٹرسائیکل سواروں کو بچانے کی کوشش میں الٹ گئی، 2 افراد جاں بحق، 3خواتین زخمی ہوگئیں۔


پولیس نے کوچ کو تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح میرپورخاص سے کراچی جانے والی کوچ ٹنڈوالہیار میں کریاشاخ کے مقام پر موٹرسائیکل سواروں کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 70سالہ یار محمد ولد محمد موسیٰ لغاری اور اس کا بیٹا 40سالہ نیک محمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ بس میں سوار آسیہ زوجہ علی محمد، مریم زوجہ فدا حسین اور اللہ بچائی زوجہ اکثر شدید زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال ٹنڈوالہیار پہنچایا گیا۔

کوچ کو پولیس نے تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور فرار ہو گیا- جاں بحق ہونے والے باپ بیٹوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کامارو شریف کے رہائشی تھے جبکہ زخموں میں سے دو خواتین کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے لاشوں کے گائوں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔
Load Next Story