رائیونڈ مارچ سیمی فائنل تھا اور اسلام آباد کا مارچ فائنل ہےعمران خان

اسلام آبادمیں عوام کا سمندر ہوگا اور صرف اپنی ذات کی فکرکرنےوالے اسلام آباد دھرنےمیں نہیں آئیں گے، چیئرمین تحریک انصاف

اسلام آبادمیں عوام کا سمندر ہوگا اور صرف اپنی ذات کی فکرکرنےوالے اسلام آباد دھرنےمیں نہیں آئیں گے، چیئرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ ایکسپریس/ شمس قذافی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوری اداروں سے انصاف نہ ملے تو سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی چارہ نہیں جب کہ نواز شریف نے اگر کوئی غلط کام نہیں کیا تو وہ جواب کیوں نہیں دیتے۔



لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جانے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کل کریں گے تاہم احتجاج کی تاریخ میں ایک دو دن کی تبدیلی ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے صرف ایک ہی سوال ہے، اگر انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تو جواب کیوں نہیں دیتے، اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دینے میں کیا حرج ہے۔




عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ وہ لوگ ہیں جو کرپشن سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جب کہ جمہوری اداروں سے انصاف نہ ملے تو سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہوگا اور صرف اپنی ذات کی فکر کرنے والے اسلام آباد دھرنے میں نہیں آئیں گے، ہمارا احتجاج پُرامن ہوگا جب کہ اسلام آباد میں سرکاری دفاتر جانے والی تمام سڑکوں کو بند کردیں گے۔

بعد ازاں پارٹی اجلاس سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ اسٹیٹس کو کے خلاف ہے، ذاتی مفاد کی خاطر تھوڑے سے لوگ آپس میں جڑے ہوئے ہیں، شریف برادران نے ملک کا قرض کھربوں روپے تک پہنچا دیا ، پہلے پاکستان کا قرض ساڑھے6 ہزار ارب تھا، اب یہ قرض 22 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ شریف خاندان کا سارا پیسا ملک سے باہر ہے اور یہ پیسا کرپشن میں استعمال ہورہا ہے، حمزہ اور مریم نوازشریف ملک کے مالک بنے بیٹھے ہیں۔




چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انہوں نے 20سال کے دوران بہت مشکل سیاست کی ہے، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان کے دھرنے سے کچھ نہیں ہوا،عوام ہم سے انقلاب چاہ رہے ہیں وزیر اعظم نواز شریف آسانی سے اقتدار چھوڑنے والے نہیں، رائیونڈ مارچ سیمی فائنل تھا اسلام آباد کا مارچ فائنل ہے۔ ہوسکتا ہے اسلام آباد مارچ کی تاریخ آگے کریں گے تاکہ مسلم لیگ (ن) پر دباؤ بڑھایا جاسکے۔

Load Next Story