بھارتی اداکار اور فلمساز ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی نمائش پر پابندی کے خلاف بول پڑے

کرن جوہر نے یہ فلم اس وقت بنائی جب حالات مختلف تھے اور اس میں ان کا کوئی قصور بھی نہیں، اداکاروں اور فلمسازوں کا موقف

کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ 2 برس کے طویل عرصے میں مکمل ہوئی ہے فوٹو: فائل

بھارت میں جہاں ہندو انتہا پسند اور سینما مالکان فلم 'اے دل ہے مشکل ' کی نمائش کے خلاف ہیں وہیں بالی ووڈ اداکار اور فلمساز اسی شدت سے اس کی ریلیز کی حمایت کررہے ہیں۔

بھارتی فلمیں دیکھنے والے کروڑوں افراد معروف فلمساز کرن جوہر کی'' اے دل ہے مشکل '' کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں کیونکہ جہاں اس میں رنبیر کپور اور انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کررہے ہیں وہیں ایشویہ رائے بھی دلفریب روپ میں سامنے آئیں گی اور اس کے ساتھ ہی پاکستانی اداکار فواد خان بھی بھرپور انداز میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں لیکن اس فلم کی مشکلات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔

پاک بھارت کشیدگی کے باعث انتہا پسند ہندو فلم کی نمائش کے خلاف کمر بستہ ہیں تو کئی ریاستوں کے سینما مالکان نے اس کی نمائش سے ہی معذرت کرلی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی اس کی نمائش کے حق میں بولنے والوں کی بھی کمی نہیں۔ ''اے دل ہے مشکل'' کی نمائش کے حق میں آواز بلند کرنے والوں میں اب کئی اداکاروں اور فلمسازوں کی صدائیں بھی شامل ہوگئی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور معروف اداکار پاریش راول نے ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب کرن جوہر نے '' اے دل ہے مشکل '' بنائی تو اس وقت حالات مختلف تھے۔ ان کی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے پاکستانی اداکاروں کو اپنی فلم میں شامل کیا۔ اس لئے انہیں کسی قسم کا قسور وار قرار نہیں دیا جاسکتا۔




پاریش راول کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداکار تو فلم میں کام کرنے کا معاوضہ لے کر واپس بھی چلے گئے لیکن اب ان کی سزا ہمارے فلمسازوں کو کیوں دی جائے حالانکہ اس میں ان کو کوئی قصور بھی نہیں۔ فلمساز انوراگ کشیپ کی جانب سے دورہ پاکستان پر نریندر مودی سے معافی کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ انوراگ کشیپ دراصل کرن جوہر اور بالی ووڈ کو نقصان پہنچارہے ہیں۔





معروف فلم ساز ساجد نڈیاڈ والا نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارتی فلمسازوں نے اڑی واقعے کے بعد پاکستانی اداکاروں اور ٹیکنیشنز کو اپنی فلموں میں شامل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن اس کا اطلاق ''اے دل ہے مشکل'' پر نہیں ہوتا کیونکہ یہ فلم اس فیصلے سے پہلے بنائی گئی تھی۔ اس لئے وہ اپیل کرتے ہیں کہ کرن جوہر کی فلم کی نمائش ہونی چاہیے کیونکہ کرن جوہر ایک بھارتی شہری ہیں اور ایک بھارتی کا دوسرے بھارتی کے ہاتھوں نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ اس موقع پر اداکار ورون دھون نے ساجد نڈیاڈ والا کے موقف کی تائید کی۔

واضح رہے کہ کرن جوہر کی فلم ''اے دل ہے مشکل'' 2 برس کے طویل عرصے میں مکمل ہوئی ہے اور اسے دنیا بھر میں 28 اکتوبر کو ریلیز کیا جانا ہے۔
Load Next Story