نئی دلی کا چڑیا گھربرڈ فلو کے باعث بند کردیا گیا

مرنے والے پرندوں میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق کے بعد دیگر کا معائنہ کیا جارہا ہے، چڑیا گھر انتظامیہ

پرندوں کے پنجروں کی صفائی کے ساتھ ساتھ اسپرے کے علاوہ پرندوں کو مدافعتی دوا بھی دی جا رہی ہے، حکام: فوٹو: فائل

بھارتی دارالحکومت کے چڑیا گھر میں مرنے والے 2 پرندوں میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق کے بعد چڑیا گھر کو عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی جانب سے ایک ماہ قبل ہی پرندوں کی بیماری "برڈ فلو" سے پاک ملک ہونے کا دعوی کیا گیا تھا تاہم اس دعوے کا پول اس طرح کھلا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے چڑیا گھر کو پرندوں میں اس وائرس کی تصدیق کے بعد عوام کے لیے بند کرنا پڑگیا ہے۔


بھارت کے نیشنل زولوجیکل پارک کے نگران ریاض احمد خان نے کہا کہ چڑیا گھرمیں چند روزکے دوران 9 پرندے مر چکے ہیں جن میں سے 2 میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ جس کے بعد چڑیا گھرکو کچھ روزعوام کے لیے بند کردیا گیا ہے تاکہ مزید پرندوں کے ٹیسٹ کرائے جاسکیں اور صورت حال کو مزید بگڑنے سے روکا جاسکے۔

چڑیا گھرکے سربراہ نے مزید کہا کہ پرندوں کا طبی معائنہ جاری ہے جب کہ ان کے پنجروں کی صفائی کے ساتھ ساتھ اسپرے کے علاوہ پرندوں کو مدافعتی دوا بھی دی جا رہی ہے۔
Load Next Story