پختونخوا میں جاری منصوبے سی پیک مغربی روٹ کاحصہ ہیں چینی سفیر

چین سی پیک کے ذریعے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کاخواہاں ہے، سن وی ڈونگ

چینی سفیر نے عمران سے ملاقات میں انھیں سی پیک کے فوائدسے آگاہ کیا، ذرائع سفارتخانہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیساتھ ملاقات میں انھیں آگاہ کیاہے کہ ان کا ملک چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے جوپورے ملک کے عوام کو مساوی فوائد پہنچائے گا، کے ذریعے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں فعال حصہ لے رہا ہے۔

بدھ کوچینی سفیراورعمران خان کی ملاقات کے حوالے سے اخبارات میں شائع خبروں پر تبصرے کیلیے جب رابطہ کیا گیا تو سفارتخانے کے ذرائع نے بتایا کہ عمران کی دعوت پرچینی سفیرنے ان سے ملاقات کی۔

چینی سفیرنے عمران کویقین دلایاکہ سی پیک عظیم اہمیت کاحامل منصوبہ ہے جس سے باہمی رابطہ سازی، لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے اورمعاشی وتجارتی باہمی رابطوں کوعملی طورپرفروغ دیاجارہاہے۔ سی پیک کامقصد بلحاظ مجموعی پاکستان کے سماجی واقتصادی مفادات کوتقویت پہنچانا ہے۔ خیبرپختونخوا سمیت تمام علاقے اس سے مستفید ہوں گے۔


ذرائع کے مطابق چینی سفیرنے کے پی کے میں شروع مخصوص منصوبوں کا ذکر کیا اور واضح کیا کہ گوادرتک جانیوالا مغربی روٹ یقیناًسی پیک کاحصہ ہے، امید ہے یہ ملاقات سی پیک کے حوالے سے بنیادی حقائق کومزید واضح کرنے میں مددگار ہو گی۔

چینی سفیرنے کہا کہ چین سی پیک کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کوسراہتاہے، امیدہے حکومتی اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے سماجی واقتصادی شراکت داری کونئی بلندی پرلے جانے کیلیے انتہائی تقویت کاسبب ہو گی۔

 
Load Next Story