کراچی میں متحدہ کے کارکنوں کا قتل سازش ہے‘ محمد شریف

جرائم پیشہ عناصر اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے بے گناہوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے بے گناہ عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے زونل انچارج محمد شریف و اراکین زونل کمیٹی نے پی آئی بی کراچی سیکٹر یونٹ 56 کے کارکن ندیم عباسی کے قتل سمیت حالیہ دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کارکنان اور ہمدردوںکا قتل حق پرست عوام کو ایم کیوایم سے جدا کرنے کی سازش ہے جو کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔


انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے بے گناہ عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ایسے درندہ صفت عناصر انسانیت کے دامن پر بدنما داغ ہیں اور وہ انسان کہلانے کے ہرگز حقدار نہیں، یہ صرف ایک خاندان کے ہی نہیں بلکہ پوری قوم اور معاشرے کے مجرم ہیں اور ان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزموںکی گرفتاری کو یقینی بناتے ہوئے شہر بھر میں جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے فوری کارروائی کریں۔ انہوں نے کارکن ندیم عباسی کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ۔
Load Next Story