قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آج آغاز ہوگا

فٹنس ٹریننگ کے بعدکھلاڑیوں کو ڈسپلن کے حوالے سے خصوصی لیکچردیا جائے گا

فٹنس ٹریننگ کے بعدکھلاڑیوں کو ڈسپلن کے حوالے سے خصوصی لیکچردیا جائے گا فوٹو: فائل

دورئہ بھارت کی تیاری کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ کا جمعے سے آغاز ہوگا۔

پہلے سیشن میں فٹنس ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں کو ڈسپلن کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا جائے گا، شام کو دوسرے مرحلے میں نیٹ پریکٹس ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے اسکواڈزکے منتخب کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کردی، ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور، بولنگ کوچ محمد اکرم اور فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین کے زیر نگرانی جمعے سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ کے پہلے سیشن میں پلیئرز صبح ساڑھے 9 بجے فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ پریکٹس کرینگے، بعد ازاں ڈسپلن کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا جائے گا،کرکٹرز کو بھارت میں متوقع تقریبات اور غیر ضروری سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کی ہدایت دی جائے گی۔




بھارتی میڈیا کی طرف سے ممکنہ دبائو اور متنازع سوالات سے خوش اسلوبی کے ساتھ گریز کرنے کیلیے خصوصی ٹپس ملیںگی، پی سی بی 5 سال بعد ہونے والی باہمی سیریز کو انتہائی خوش گوار انداز میں مکمل ہوتا دیکھنا چاہتا ہے،دونوں اسکواڈز میں کئی نئے اور چند ایسے پلیئرز شامل ہیں جنہیں پہلے کبھی دبائو سے بھرپور ہائی پروفائل سیریز، خاص طور پر بھارت کے خلاف مقابلوں میں شرکت کا موقع نہیں ملا۔

22 دسمبر سے شروع ہونے والے دورے میں ٹیم کو روایتی حریف کا سامنا اسی کی سرزمین پر کرنا ہے،اس لیے کھلاڑیوں کو آن اور آف دی فیلڈ بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کرنے کیلیے خصوصی طور پر تیار کیا جائے گا،لیکچر کے بعد شام کے سیشن میں پلیئرز بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کرینگے،اس موقع پر انضمام الحق کی آمد بھی متوقع ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story