نادرا میں غیر قانونی تعینات ڈپٹی چیئرمینوں کو فوری ہٹایا جائے پی اے سی

ایک ہفتے میں رپورٹ دینے کی ہدایت،نادراآڈٹ کرانے پرراضی،ایگری بزنس منصوبہ کی737گاڑیوں سمیت مالی حسابات کی تفصیل طلب

تمام ادارے آڈٹ کے پابندہیں،اعدادوشمارنہیں مانے جاتے،آڈیٹرجنرل،تسلیم شدہ آفس ہے،ندیم چن،آڈٹ سے انکاری نہیں،سیکریٹری اطلاعات فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے وزارت خوراک کے ایگری بزنس سپورٹ منصوبے کی737 گاڑیوں،فنڈز،اثاثوں کی تقسیم سمیت مالی حسابات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

کمیٹی کااجلاس چیئرمین ندیم افضل چن کی زیرصدارت ہوا جس میں نادرا، نیشنل پریس ٹرسٹ، پاک چائنا فنانس اورایگری بزنس سپورٹ فنڈکی جانب سے آڈٹ نہ کرانے کے معاملے کاجائزہ لیاگیا۔ایگری بزنس سپورٹ فنڈکے حکام نے بتایاکہ4ارب کے اس منصوبے کامقصد کسانوںکی صلاحیت بڑھانے اوران میں آگاہی پیدا کرنا تھا، پروگرام کے تحت 57 منصوبوں کی737 گاڑیاں صوبوں کودی گئیںجواب 491 رہ گئی ہیں۔ آڈیٹر جنرل اختر بلندرانانے بتایاکہ عالمی ادارے وزارت خزانہ سے منسلک ہونے کے باعث اعدادوشمار نہیں مانتے۔چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ آڈیٹرجنرل آفس کوتسلیم کیا جاتا ہے ۔


سیکریٹری خزانہ نے کہاکہ آڈیٹرجنرل آفس کو پوری خودمختاری حاصل ہے، کمیٹی نے نادرا میں 2 ڈپٹی چیئرمینوں کوغیرقانونی تعینات کرنیکا نوٹس لیتے ہوئے انھیں 2 روزمیں ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔وزارت داخلہ کے حکام نے بتایاکہ نادرا میں دو ڈپٹی چیئرمینوں کی تعیناتی کا معاملہ عدالت میں ہے تاہم ان کی تعیناتی کی 24 اکتوبرکونادرا بورڈ نے منظوری نہیں دی۔ کمیٹی نے کہاکہ بورڈ کی منظوری کے بغیر یہ تعیناتی غیر قانونی ہے ایک ہفتے میں اس حوالے سے رپورٹ دیں۔

کمیٹی نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سے استفسارکیاکہ نادرا آڈٹ کیوں نہیں کروا رہا جس پرنادراحکام نے کہا کہ قانون میں نادرا کو نرمی دی گئی ہے۔آڈٹ حکام نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعدسارے ادارے آڈٹ کرانے کے پابند ہیں۔ ندیم افضل چن نے کہاکہ آئین کے تحت کوئی ایسا ادارہ نہیں جس کا آڈٹ نہیں ہوسکتا بعد میں نادرا نے آڈٹ کرانے پر رضامندی ظاہرکر دی۔سیکریٹری اطلاعات نے بتایاکہ ہم آڈٹ کرانے سے انکاری نہیں نیشنل پریس ٹرسٹ نے آڈٹ کیلیے خط بھی لکھا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story