عمران خان کا 28 اکتوبر کو پنڈی 29 کو اسلام آباد میں ریلیوں کا فیصلہ

تاجروں، شہریوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیں گے، شیخ رشید بھی ہمراہ ہوں گے

تاجروں،شہریوں کودھرنے میں شرکت کی دعوت دیں گے،شیخ رشیدبھی ہمراہ ہوں گے ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان تحریک انصاف نے 2 نومبر کے دھرنے کے حوالے سے کارکنوں کو متحرک کرنے کیلیے جڑواں شہروں میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جن کی قیادت پارٹی چیئرمین عمران خان کریں گے جب کہ کارکنوں کی گرفتاری کی صورت میں 'پلان بی' جاری کردیا ہے جس کے تحت اگر کہیں گرفتاریاں ہوئیں تو 200 سے زیادہ کارکن فوری طور پر پہنچ کر تھانے کا گھیراؤ کریں گے۔

اسلام آباد سے سپیشل رپورٹر کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اجلاس ہوا جس میں 2 کو اعلان کردہ احتجاجی دھرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے عمران خان پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مختلف ریلیوں کی قیادت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان 29 اکتوبر کو ریلی کی شکل میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹی وی پروگراموں میں مکمل تیاری کیساتھ جائیں اور ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونیوالی اسٹوری کو شدت سے اٹھایا جائے۔


ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی کی حکمت عملی کی خبریں لیک ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ راولپنڈی سینمائندہ ایکسپریس کے مطابق 28 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد عمران خان اور شیخ رشید احمد راولپنڈی شہر اور کینٹ کی بڑی مارکیٹوںکا مشترکہ دورہ کریں گے اور تاجروں و دکانداروں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیں گے۔

آئی این پی نے ایک ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اجلاس میں کارکنوں کی گرفتاری کی صورت میں 'پلان بی' پر بھی غور کیا گیا جس کے تحت گرفتاریوں کی صورت میں 200 سے زائد کارکن فوری طور پر پہنچ کر متعلقہ تھانے کا گھیراؤ کریںگے۔ کارکنوں کو قانونی معاونت کی فراہمی کیلئے 24 رکنی کمیٹی بھی بنادی گئی ہے۔ 12 ارکان راولپنڈی اور 12 راولپنڈی میں کارکنوں کو قانونی معاونت فراہم کریں گے۔ ایک ٹی وی کے مطابق ناظم اعلیٰ پشاور محمد عاصم نے اسلام آباد مارچ میں کارکنوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کیلیے 50 سے زائد ناظمین کو نتھیاگلی کی سیر کرائی اور دنبوں اور بکروں سے تواضع کی۔
Load Next Story