عراق کرکوک میں داعش کو مکمل شکست موصل میں فورسز کی پیش قدمی جاری

کرکوک میں 3 روزہ لڑائی کے دوران 74 شدت پسند، اہلکاروں سمیت 46 افراد مارے گئے، شہر میں زندگی معمول پر آگئی

موصل میں فورسز کو داعش کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا، سنجار میں 15 شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ فوٹو؛ فائل

BATKHELA:
عراقی سیکیورٹی فورسز نے کرکوک شہر پر داعش کا حملہ مکمل طور پر پسپا کردیا، گزشتہ روز کرکوک میں لڑائی ختم ہوگئی، 3 روزہ لڑائی کے دوران داعش کے 74 شدت پسند، اہلکاروں سمیت 46 افراد مارے گئے۔


شہرمیں لڑائی ختم ہونے کے بعد زندگی معمول پر آگئی، سیکیورٹی فورسز نے 3 دن کے دوران درجنوں شدت پسندوں کو گرفتار بھی کر لیا جن میں ان کا ایک رہنما بھی شامل ہے، دوسری طرف عراقی سیکیورٹی فورسز کی موصل میں داعش کے خلاف پیش قدمی جاری ہے تاہم فورسز کو داعش کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عراقی فورسز کو امریکی فوجی اتحاد کی بھی مدد حاصل ہے جو فضائی بمباری کر رہی ہے۔

داعش کے جنگجو جوابی کارروائی کے طور پر خودکش حملے اور اسنائپر فائر کر رہے ہیں، ایک ہفتے کی لڑائی کے دوران عراقی فورسز نے داعش کے قبضے سے 80 دیہات کو خالی کرا لیا ہے، سنجار میں لڑائی کے دوران داعش کے 15 شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ان کی کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں، داعش نے دعویٰ کیا کہ لڑائی میں فورسز کی 2 گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ ان پر سوار تمام اہلکار ہلاک ہوگئے۔
Load Next Story