بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی پر احتجاج

دفتر خارجہ کی خصوصی ڈیسک برائے جنوبی ایشیا کے سربراہ نے خصوصی احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا

بھارت ایل اوسی اورورکنگ باؤنڈری پرجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزی کررہاہے، فوٹو؛ فائل

دفتر خارجہ نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں جانی نقصان پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے پاکستان میں تعینات بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیاہے۔


دفتر خارجہ کی خصوصی ڈیسک برائے جنوبی ایشیا کے سربراہ نے خصوصی احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، بھارتی فوج مقامی آبادی پر فائرنگ کررہی ہے۔ جو کسی بھی طور پر قابل برداشت نہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج پر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت در اندازی کا بے سروپا الزام لگا کر مسلسل ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کررہا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کئی بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
Load Next Story