بھارتی بیٹنگ کی کھوکھلی دیوار انگلش حملوں سے لرزنے لگی

ناگپور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف87 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں، بدستور 243 رنز کے خسارے کا سامنا، ٹنڈولکر ناکام

ناگپور ٹیسٹ کے دوسرے دن بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کی مڈل اسٹمپ اکھاڑنے پر انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن خوشی سے بے قابو.۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI:
ناگپورٹیسٹ میں بھارتی بیٹنگ کی کھوکھلی دیوار انگلش حملوں سے لرزنے لگی، دوسرے دن میزبان نے صرف87 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں، اسے اب بھی 243 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

سچن ٹنڈولکر صرف2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، پیسر جیمز اینڈرسن نے3 پلیئرز کو میدان بدر کیا، قبل ازیں مہمان سائیڈ کی پہلی اننگز کا 330 پر اختتام ہوا، جوئے روٹ نے ڈیبیو پر73 کی اچھی اننگز سے روشن مستقبل کی نوید سنا دی،میٹ پرائر اور گریم سوان نے بھی نصف سنچریاں بنائیں، لیگ اسپنر پیوش چاولہ نے چار وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق ناگپور ٹیسٹ میں بھارت کی گرفت کمزور پڑنے لگی، اینڈرسن نے اننگز کی تیسری ہی گیند پر وریندر سہواگ (صفر) کی مڈل اسٹمپ اکھاڑ پھینکی،گوتم گمبھیر اور چتیشور پجارا نے اسکور میں 58 رنز کا اضافہ کیا۔


پجارا26 رنز پر سوان کا نشانہ بنے، شارٹ لیگ پر موجود بیل نے ڈائیو لگا کر ایک ہاتھ سے بہترین کیچ لیا تاہم ری پلیز سے محسوس ہوا کہ گیند نے بیٹسمین کے گلووز کو نہیں بلکہ کہنی کو چھوا تھا،دبائو کا شکار سچن ٹنڈولکر (2) کو اینڈرسن نے ان سائیڈ ایج پر بولڈ کر کے بھارتی کیمپ میں خاموشی طاری کر دی، گمبھیر صورتحال کو مزید گمبھیر بنا کر چلتے بنے،37 رنز اسکور کرنے والے اوپنر کا کیچ اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کیپر پرائر نے تھاما، یوں 71 رنز پر4 وکٹیں گر گئیں، ویرت کوہلی اور دھونی نے بقیہ اوورز خیریت سے گزار لیے۔



جب کھیل کا اختتام ہوا تو دونوں بالترتیب11اور8 پر ناٹ آئوٹ تھے، ٹیم نے41 اوورز میں 87 رنز اسکور کیے، اینڈرسن نے 3 وکٹوں کیلیے صرف24 رنز دیے۔ قبل ازیں 5 وکٹ پر 199 رنز سے نامکمل اننگز شروع کرنے والی انگلش ٹیم نے اسکور میں مزید131رنز کا اضافہ کیا،پرائر 57 رنز بنانے کے بعد ایشون کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ پائے، یوں روٹ کیساتھ ان کی چھٹی وکٹ کیلیے103 رنز کی شراکت کا اختتام ہو گیا، ایشانت شرما نے ٹم بریسنن کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا، روٹ نے سوان کے ساتھ مل کر بھارتی بولرز کے صبر کا خوب امتحان لیا اور60 رنز جوڑے، وہ 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پیوش چاولہ کو ریٹرن کیچ دے بیٹھے،لیگ اسپنر نے سوان (56) کو ایل بی ڈبلیو اور اینڈرسن (4) کو پجارا کی مدد سے میدان بدر کیا، انھوں نے 69 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں، ایشانت شرما نے49رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انگلینڈ کی پہلی اننگز کا 145.5 اوورز میں 330 رنز پر اختتام ہوا، مونٹی پنیسر1رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔
Load Next Story