شہباز شریف کا عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان

اگرعمران خان ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت کردیں تو میں اور میرے بچے سیاست سے دور ہوجائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

اگرعمران خان ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت کردیں تو میں اور میرے بچے سیاست سے دور ہوجائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب. فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 26 ارب روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے تواتر سے الزامات کے بعد اب فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے کو عدالت میں لے کر جایا جائے اور اس حوالے سے ان کے خلاف 26 ارب 54 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے جارہا ہوں جب کہ عدالت سے استدعا ہے کہ اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد عمران خان کی جانب سے لگائے جانے والے کسی الزام کا جواب نہیں دوں گا، گزشتہ ادوار اور موجود دور حکومت میں بھی اگر عمران خان ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت کردیں تو میں اور میرے بچے سیاست سے دور ہوجائیں گے اور اگر عدالت عمران خان کے خلاف فیصلہ دے تو قوم کو ان کا فیصلہ خود کرنا چاہیے۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں جاوید صادق میرے فرنٹ مین ہیں جنہیں ترقیاتی ٹھیکے دیئے جاتے ہیں، جس فرنٹ مین کی بات کرتے ہیں کھلی دعوت دیتا ہوں اگر کرپشن کاایک دھیلہ بھی ثابت ہوجائےتو عوام کامجرم ہوں گا، لاہور رنگ روڈ بنانےکیلئے بڑی کوشش کی کہ جاوید صادق کی کمپنی بڈ کرے لیکن ان کی بڈ نامنظور ہوئی جب کہ سیف سٹی پراجیکٹ اور بہاولپورپراجیکٹ میں جاوید صادق کی بٹ ری جیکٹ کی گئی اگر جاوید صادق فرنٹ مین ہوتا تو کوئی بڈ نامنظور نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ عرفہ آئی ٹی ٹاور کا کنٹریکٹ ہم نےنہیں پرویزالہیٰ کی حکومت نےدیا تھا اور اس منصوبے کو ہم نے صرف مکمل کیا جب کہ ہم پر اتفاق فاؤنڈری کا سریا استعمال کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے جو 15 سال سے بند ہے۔


شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے سی پیک منصوبہ التوا کا شکارہوا، اپنے پچھلے دھرنے میں بھی انہوں نے سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچایا جب کہ اب 2 نومبرکو پاکستان بند کرنے کا ناپاک منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے2014 کےدھرنےمیں بھی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے چینی صدر پاکستان کا دورہ نہ کرسکے، نوازشریف کی قیادت میں سی پیک منصوبوں پر برق رفتاری سے کام ہورہا ہے، سی پیک پر برق رفتاری سے کام ہونے پر بھی انہیں تکلیف ہورہی ہے جب کہ عمران خان مخالفت میں مودی سے بھی آگے نکل چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف نے خود کو سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا دلیرانہ فیصلہ کیا جس کے بعد پانا مالیکس کےغبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x4z7jb1
Load Next Story